سخاکوٹ میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے تباہی

سخاکوٹ میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے تباہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سخاکوٹ( نمائندہ پاکستان)تحصیل درگئی کے یونین کونسل ورتیرمیں گذشتہ روز کے ژالہ باری اور تیز بارش نے تباہی مچائی ہے ۔ سینکڑوں کنال پر مشتمل تیارگندم، پیاز اور ٹماٹروں کی فصل سمیت مالٹے ، آمرود اور خوبانی کی باغات مکمل طور پر ملیامیٹ ہو چکے ہیں۔یونین کونسل ورتیر سمیت تحصیل درگئی کے دیگر متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قراردیکر صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے و حکام نقصانات کا سروے کریں اور زمینداروں کے نقصانا ت کا جائزہ لیکر نقصان کے آزالے کے لئے ان کے ساتھ مالی امداد کی جائے متاثرہ غریب زمیندارمالی بحران سے دوچار ہو چکے ہیں۔ژالہ باری اور بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرہ خاندانوں کیساتھ اظہار ہمدردی کے طور پر پاکستان تحریک انصاف کے ممبر تحصیل کونسل اور ضلعی رہنماء میاں اسلام بادشاہ نے یونین کونسل کے علاقوں لنڈے شاہ ، دوبندئی ، قدم خیلہ ، سورنہ ، نکر درہ ، گڑنگ درہ ، دمہ زئی اور ملحقہ دیہات کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر میاں اسلام بادشاہ اور حاجی افتخار خان نے صوبائی حکومت ، پی ڈی ایم اے ،ڈی سی ملاکنڈ اور ضلعی حکومت ملاکنڈ سمیت متعلقہ حکام سے یونین کونسل ورتیر کے متاثرین کیساتھ امداد کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ژالہ باری سے یونین کونسل ورتیر سمیت پورے تحصیل درگئی کے بیشتر علاقوں میں تیار فصل ملیامیٹ ہو چکی ہے اور زمینداروں کی سال بھر کی جمع پونجی اور اُمیدوں پر پانی پھیر چکا ہے اس لئے پورے تحصیل درگئی اور بالخصوص یونین کونسل کو آفت زدہ قراردیا جائے تاکہ ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات کا آزالہ ہو سکے ۔