بھارت نے کشمیریوں پرمظالم کی انتہا کردی، عالمی طاقتیں خاموش ہیں، مشال ملک

بھارت نے کشمیریوں پرمظالم کی انتہا کردی، عالمی طاقتیں خاموش ہیں، مشال ملک

  

اوسلو(صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر کے مشہور حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہاہے کہ بھارت اپنی گھناؤنی سازشوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت کو کمزور کرنا چاہتاہے۔ اوسلو پہنچنے کے بعد سفارتخانہ پاکستان میں نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مشال ملک نے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں پرمظالم کی انتہا کردی ہے، لیکن عالمی طاقتیں خاموش ہیں۔انھوں نے عالمی برادری کی توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ 8 سالہ معصوم آصفہ سے بد اخلاقی ور اس کا قتل انسانیت کو جھنجوڑنے کے لئے کافی ہے، اس طرح کے واقعات کا مقصد کشمیرکے لوگوں کو خوفزدہ کرنا ہے تاکہ لوگ ڈر کر کشمیر سے بھاگ جائیں، بھارت مقبوضہ خطے میں کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتاہے۔انھوں نے مزید کہاکہ شہید برہان وانی ایک عظیم کشمیری نوجوان تھے، جنہوں نے ایک گولی بھی نہیں چلائی لیکن وہ کالے قوانین کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ، بھارتی فورسز نے انہیں اس لئے شہید کیا کہ انہوں نے اپنی جدوجہد کے ذریعے کشمیریوں کو ایک بار پھر بیدار کردیا تھا۔اس موقع پر ناروے میں پاکستان کی سفیر محترمہ رفعت مسعود، کشمیرسکینڈے نیوین کونسل ناروے کے سیکرٹری جنرل خرم خان، انورصوفی دیگر کمیونٹی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔بعدازاں انورصوفی نے کشمیرپر اپنی کتاب بھی مشال ملک کو پیش کی جبکہ دونارویجن پاکستانی شاعروں ڈاکٹرسید ندیم حسین اور محمد ادریس نے کشمیرکے حوالے سے نظمیں پڑھیں۔مشال ملک نے کہاکہ بھارتی افواج تمام ترمظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذ بہ حریت کو کچل نہ سکی، آزادی پسند کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کررہے ہیں،میرے دورہ ناروے کا مقصد بھی یہی ہے کہ کشمیریوں کے حق کی بات کروں اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف بین الاقوامی حمایت حاصل کروں۔پاکستان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مشال ملک نے کہاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیرکے عوام کے دلوں میں بستا ہے اور وہ ہمیشہ ان احساسات کا اظہار مختلف مواقع پر کرتے رہتے ہیں۔ خاص طور پر شہدا کے جنازوں اور دیگر اجتماعات کے دوران پاکستان کا پرچم لہرایا جاتاہے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جاتے ہیں۔

مشال ملک

مزید :

کراچی صفحہ اول -