ذکرمصطفیؐ کو بلند ترکرنے کا ذمہ خودرحمن نے اٹھارکھا ہے،پیرحسان حسیب

ذکرمصطفیؐ کو بلند ترکرنے کا ذمہ خودرحمن نے اٹھارکھا ہے،پیرحسان حسیب

  

راولپنڈی( جنرل رپورٹر)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین قبلہ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ ذکر مصطفیٰ ﷺ کو ہر آن اور ہر گھڑی بلند سے بلد تر کرنے کا ذمہ خود ربِ رحمن نے اٹھا رکھا ہے۔ ذکرِ مصطفیٰ ﷺ نے ہر دور کے مسلمانوں کے جذبہِ ایمانی کو حرارت عطا کی ہے اسی جذبے سے سرشار ہو کر مسلمانانِ عالم نے عروج وکمال کی تمام منازل طے کی ہیں اور تا قیامت یہی جذبہ مسلمانانِ عالم کو اقوامِ عالم میں ممتاز کرے گا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زندگیاں حضور نبی رحمت ﷺ کی شریعتِ مطہرہ کے تابع بسر کریں اور اپنے روحانی مرکز مدینہ منورہ سے اپنا تعلق ، اپنا رشتہ اور اپنی نسبت مضبوط سے مضبوط تر کریں۔ عید گاہ شریف سے ہمیشہ عشق و اتباعِ رسول مقبول ﷺ کی جانب بلایا جاتا رہا اور انشا اللہ بلایا جاتا رہے گا۔ہمارے آقا و مولا ﷺ ہماری جان، ہمارا ایمان اور اس کائنات کی سب سے عظیم اور خوبصورت ہستی ہیں جن پر ہمارا سب کچھ قربان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 22اپریل جو کہ عیسوی اعتبار سے حضور نبی کریم ﷺ کا شانوں والا یومِ میلادِ پاک ہے کے سلسلہ میں عید گاہ شریف میں منعقدہ ایک انتہائی عظیم الشان ، سالانہ ، عالمی میلاد النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔اس عظیم الشان روح پرور عالمی میلاد النبی ﷺ کانفرنس میں لاکھوں کی تعداد میں عشاقانِ مصطفیٰ ﷺ ، وابستگانِ عید گاہ شریف، بڑی تعداد میں خواتین ، زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، علمائے کرام، مشائخِ عظام اور نعت خوانانِ عظام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی اس کائنات میں شانوں کے ساتھ تشریف آوری کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے۔حضورِ اکرم ﷺ کے میلاد پاک کے موقع پر محافلِ میلاد پاک و نعت پاک کا انعقاد انبیا علیہ السلام و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین کی سنت ہے۔ 22اپریل 2018کے موقع پر عید گاہ شریف میں منعقدہ اس عظیم الشان عالمی میلادِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس شام سے 23اپریل2018کی صبح تک ARY QTVکے ذریعے پوری دنیا میں براہِ راست Telecastکیا گیا جس میں نقابت کے فرائض انتہائی خوبصورتی سے وسیم بادامی اور ریئس احمد نے سر انجام دیے۔ اس موقع پر ممتاز مشائخِ عظام جن میں پیر سید حبیب اللہ شاہ گمگھول شریف، پیر سید سعادت علی شاہ چورہ شریف، پیر دیوان آل سیدی پاک پتن شریف، مفکراسلام علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ و دیگر نے شرکت کی جبکہ دربارِ رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ الحاج محمد اویس رضا قادری، الحاج عبدالروٗف روفی، الحاج محمد یوسف میمن، قاری شاہد محمود، شہباز قمر فریدی، قار ی احمد رضا جماعتی، خالد حسنین خالد، قاری شہزاد حنیف مدنی، محمد عامر فیاضی اور الحاج محمد صدیق اسماعیل و دیگر نے پیش کیا جبکہ محفل کا آغازقاری نجمِ المصطفیٰ کی تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ اس موقع پر عید گاہ شریف کے ارد گرد ٹریفک کی روانی اور عوام الناس کی سیکورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ عید گاہ شریف کے مرکزی پنڈال کے علاوہ تمام داخلی و خارجی راستے اصغر مال چوک سے لیکر چونگی نمبر4 تک مخلوقِ خدا سے کھچا کھچ بھر گئے جن میں تل دھرنے کو جگہ نہ رہی اور ہر طرف انسانی سروں کا سمندر نظر آتا تھا۔ پیر محمد نقیب الرحمن نے تمام محکمہ جات اور بالخصوص ڈپٹی کمشنرراولپنڈی طلعت محمود گوندل ، سی پی او راولپنڈی افضال احمد کوثر ، سی ٹی او راولپنڈی کیپٹن (ر) بلال افتخار، ایس ایس پی آپریشنز محمد بن اشرف، ایس ایس پی سپیشل برانچ پولیس خرم شہزاد، میئر راولپنڈی سردار نسیم اور سپیشل برانچ سیکورٹی کی نہایت مخلص خدمات ، انتظامات اور دورانِ محفل موجودگی کو سراہا جن کے تعاون سے یہ عظیم الشان محفلِ میلاد مصطفیٰ ﷺ انتہائی خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل کو پہنچی۔ محفل میلادِ پاک ﷺ میں کیپٹن( ر) محمد صفدر، چوہدری تنویر، چیئرمین واسا ضیا اللہ شاہ، پیر زادہ راحت قدوسی، سابقہ ایم این اے و چیئرمین میٹرو بس اتھارٹی محمد حنیف عباسی، شاہد غفور رپراچہ اور حاجی پرویز نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے دوران بہترین ساوٗنڈ سسٹم کے ذریعے شرکائے محفل مدحِ حبیبِ کبریا ﷺ سے اپنے قلوب و اذہان کو منور کرتے رہے۔ پوری عید گاہ شریف اور ملحقہ راستے رنگ برنگے برقی قمقموں سے جگمگاتے رہے۔ اس موقع پر 80خوش نصیبوں کو بذریعہ قرعہ اندازی عمرہ کے ٹکٹ بھی دیے گئے۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی ، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -