آنیوالے انتخابات ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرینگے،اکبرتنولی

آنیوالے انتخابات ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرینگے،اکبرتنولی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)آنے والے انتخابات ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔عوام اپنی نسلوں کے مستقبل کومحفوظ بنانے کے لیے میدان میں نکلیں۔عمران خان نے کرپشن کے خلاف اپنی جماعت کے اندر جہاد کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے جس کے اثرات آنے والے دور میں عوام کو نظر آئیں گے۔ اٹک کے غیور عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں انتخابات سے قبل ہی فیصلہ سنا دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور حلقہ پی پی 3سے امیدوار اکبر خان تنولی نے تحصیل حسن ابدال کی مختلف یونین کونسلوں کے دورے کے موقع پر پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے دورے کے دوران یو سی بھلڑ جوگی۔یوسی سلطان پور۔یوسی پوڑمیانہ۔یو سی پنڈ مہری۔جھنگ باہتر اور سٹی کے اندر مختلف علاقوں میں 29اپریل کے لاہور جلسہ کے حوالے سے پارٹی کارکنان سے ملاقات کی اور انہیں جلسہ میں بھر پور شرکت کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر یوتھ کے نوجوانوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے ویژن کوآگے لے کرجانا ہے اور اس کے لیے ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنی جماعت کے اندر موجود کرپٹ عناصر کو نکال کر ایک ایسی مثال قائم کی ہے جس نے مخالفین کو پریشان کردیاہے۔ انہوں نے کہاکہ جو شخص اپنی جماعت کے اندر کرپشن برداشت نہیں کر سکتا وہ ملک کو لوٹنے والوں کو بھی کسی صورت معاف نہیں کرے گا۔ اکبر خان تنولی نے کہاکہ آنے والے انتخابات ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے اور اس ملک سے چوروں اور لٹیروں کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے نکال باہرکریں گے ۔انہوں نے کہاکہ اٹک کے غیور عوام نے ماضی میں بھی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اور آج پہلے سے زیادہ مضبوط جماعت کے طور پر پی ٹی آئی عملی میدان میں موجود ہے یہی وجہ ہے کہ مخالف سیاست جماعتوں کوپریشانی لا حق ہوچکی ہے۔انہوں نے امیدکا اظہار کیا کہ 29اپریل کولاہور جلسہ میں اٹک کے عوام کا سمندر شرکت کے لیے روانہ ہو گا اور اسے کامیاب بنانے میں اپناکردار ادا کرے گا۔