دنیا بھر میں مسلمان مظلومیت کی زندگی بسر کررہے ہیں،عبدالرحمن سلفی

دنیا بھر میں مسلمان مظلومیت کی زندگی بسر کررہے ہیں،عبدالرحمن سلفی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان مولانا عبدالرحمن سلفی نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔ آج دنیا بھر میں مسلمان مظلومیت کی زندگی بسر کررہے ہیں اور دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں ۔ ہم نے اپنے رب اور دینی تعلیمات کو پس پشت ڈال دیا ہے ۔ دین کے ہر شعبے میں کام کرنے والے قابل قدر ہیں ۔ ان پر تنقید کرنے کی بجائے سب کی حمایت کریں۔ پاکستان اللہ کی نعمت ہے اس کی قدر کریں ۔ اہل مدارس جدید عصری علوم کے مخالف نہیں ہیں ہم یہ کہتے ہیں کہ دین اور دنیا دونوں کی تعلیم کی ضرورت ہے آئیں ان دونوں طرز تعلیم کو عام کریں۔ انہوں نے کشمیر اور فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر بڑھتے ہوئے ظالمانہ ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر U.N.O اور حقوق انسانی کی علمبردار دیگر عالمی قوتیں بے انصافی اور جانبداری کا مظاہرہ نہ کرتیں تو آج دنیا میں مسلمانوں کا لہو یوں پانی کی طرح نہ بہ رہا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں ہونے والے حالیہ واقعات سے عالمی اداروں کی پوزیشن کھل کر سامنے آگئی ہے۔ لہذا عالم اسلام کو اپنی آنکھیں کھول کرموجودہ حالات کا مشاہدہ کرنا چاہیے اور اپنے مسائل کو حل کرنے کی ہمت اور جرات پیدا کرنی چاہیے اور اللہ کی نصرت کے حصول کی خاطر اپنے اپنے ملکوں میں اللہ کے دین کو قائم و غالب کرنے کی جدوجہد کو تیز کرنا چاہیے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -