پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی:چیف جسٹس پاکستان کا اپنی تنخواہ وصول نہ کرنے کا اعلان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے اپنی تنخواہ وصول نہ کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیس کی سماعت کی ،سپیشل سیکرٹری خزانہ اور اکاﺅنٹنٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آج 24 تاریخ ہو چکی ہے ملازمین کو تنخواہیں کیوں نہیں ملی۔اکاﺅنٹنٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ تنخواہ کے چیک جاری کئے جا چکے ہیں ۔
چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ چھوٹے ملازمین کے ساتھ بھی پیٹ لگا ہوا ہے ،چیف جسٹس ثاقب نثار نے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر اپنی تنخواہ وصول نہ کرنے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی تک تنخواہ وصول نہیں کروں گا،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ تمام ملازمین کو ادائیگی کے بعد مجھے تنخواہ دی جائے ،ریاست کے ملازمین کو تنخواہیں بروقت ادانہیں کی جاتی ۔
چیف جسٹس نے کہا کہ میری تنخواہ کا چیک اکاﺅنٹ میں نہیں جائے گا،ملازمین کو تنخواہ ادائیگی کے بعد میرا چیک اکاﺅنٹ میں جمع کرایا جائے۔