ایران کے سابق بادشاہ کے مزار کے قریب سے ممی برآمد
تہران(این این آئی)تہران کی ثقافتی ورثہ کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انہیں سابق بادشاہ رضا شاہ پہلوی کے مزار کے قریب مقام سے ایک ممی ملی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اس دوران جنوبی تہران میں رضا شاہ پہلوی کے مقبرے کو بھی تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم تہران کونسل کی ثقافتی ورثہ اور سیاحتی کمیٹی نے ریاست کی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اس مزار کی توسیع کے دوران اس جگہ سے ایک ممی ملی ہے۔اس حوالے سے کونسل کے رکن حسن خلیل آبادی کا کہنا تھا کہ اس بات کا امکان ہے کہ یہ ممی رضا شاہ پہلوی کی ہوسکتی ہے لیکن متعلقہ اداروں کی جانب سے اس کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ممی ملنے کے حوالے عبدالعظیم مزار کے پریس دفتر کی جانب سے کہا گیا کہ اس طرح کا دعویٰ صرف افواہ ہوسکتی ہے۔