سندھ ،بلوچستان میں1560 گھروں کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے، پی سی آر ای ٹی

سندھ ،بلوچستان میں1560 گھروں کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے، پی سی آر ای ٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد( آن لائن )پاکستان کونسل آف رینیوایبل انرجی ٹیکنالوجی (پی سی آر ای ٹی) نے گزشتہ پانچ سال کے دوران سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے والی 155 چھوٹی ٹربائینز نصب کی ہیں جن کی مدد سے 1560 گھروں کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ اس دوران بائیوگیس کے 4016 پلانٹس بھی لگائے گئے ہیں۔کونسل نے ہوا کی مدد سے بجلی پیدا کرنے والی چھوٹی ٹربائینز کے علاوہ دیگر سولر مصنوعات بھی متعارف کرائی ہیں جن میں سولر ککر، ڈرائیر، سولر واٹر ہیٹر اور سولر ڈی سیلی نیشنل وغیرہ شامل ہیں۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے حکام نے کہا ہے کہ پی سی آر ای ٹی وزارت کے تحت کام کر رہی ہے اور گزشتہ پانچ سال کے دوران کونسل نے 9.7 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے 562 مائیکرو ہائیڈل پاور پلانٹس بھی نصب کئے ہیں۔
جن کی مدد سے 80 ہزار گھریلو صارفین کی بجلی کی ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کونسل نے چین کے اشتراک سے سورج، ہوا سمیت دیگر متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے لئے تحقیق و تربیت کے لئے مختلف سسٹمز بھی متعارف کرائے ہیں جس سے توانائی کی قلت کے مسئلہ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

مزید :

کامرس -