ٹیکس حکام نوٹس واپس لیں،صدر راولپنڈی چیمبر
راولپنڈی (بیورورپورٹ)راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ملک شاہد سلیم نے کہا ہے کہ ان لینڈ ریونیو حکام اور ایف بی آر کی جانب سے نوٹسسز واپس لیں ، ٹیکس کولیکشن کے نام پر ہراساں نہ کیا جائے۔موجودہ حالات میں کاروبار چلانا مشکل ہو چکا۔خوف کی فضا ختم کی جائے۔ ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جائے۔ نئے سیکٹرز کو ٹیکسوں کے دائرہ کار میں لایا جائے۔۔ چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سال میں محصولات کا ہدف چار گنا ہو چکا ہے۔دباو ڈال کر اور نوٹسسز کے ذریعے ٹیکسوں کے اہداف پورے نہیں ہو سکتے۔یہ افسوس ناک بات ہے کہ جو ٹیکس دے رہا ہے اسی کو نوٹسسز مل رہے ہیں اور اسی کا آڈٹ بھی ہو رہا ہے۔ ٹیکس پیئرز کی عزت نفس کو مجروع کیا جا رہا ہے۔ ایف بی آر ٹیکس گزاروں کے ساتھ پارٹنرشپ پر مبنی تعلق کو فروغ دے۔ روابط بڑھائے ، ہمارے مسائل کو بھی سمجھا جائے۔ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ نان فائلرز پر سختی کی جائے۔ہونا تو یہ چاہیے کہ محکموں کو نئے ٹیکس گزار تلاش کرنے کا ہدف دیا جاتا جبکہ صورتحال یہ ہے کہ ایف بی آر کو زیادہ ٹیکس اکٹھا کرنے کا ہدف دیا جاتاہے۔ جس کی وجہ سے عملہ اپنے اختیارات سے تجاوز کرتا ہے۔ ملک شاہد سلیم نے کہا کہ ملکی معشیت پہلے ہی غیر یقینی کا شکار ہے ۔ انہوں نے وزارت خزانہ اور ایف بی آر سے مطالبہ کیا کہ ٹیکس کنندگان کو عزت دی جائے اور خوف و ہراس کا ماحول ختم کیا جائے۔ اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف ، سینئر نائب صدر محمد بدر ہارون، نائب صدر فیاض قریشی، سابق صدور، مجلس عاملہ کے اراکین اور تاجر نمائندے بھی موجود تھے ۔