عمارہ حکمت کی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ‘کی نمائش ملتوی
لاہور(فلم رپورٹر)پروڈیوسر عمارہ حکمت نے اپنی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ‘کی نمائش ملتوی کرنے کی تصدیق کردی ہے۔تین سال سے زیر تکمیل فلم کی ریلیز کا انتظار بے چینی سے کیا جارہا ہے جس میں اس وقت اضافہ ہوگیا جب کچھ عرصہ پہلے اس کا ٹریلر ریلیز کیا گیا تھا۔فلم مکمل ہوتے ہی اعلان کیا گیا تھا کہ اسے رواں سال عیدالفطر پر ریلیز کیا جائے گا لیکن دوسری طرف ماضی کی فلم ’مولا جٹ‘ کے پروڈیوسر سرور بھٹی نے نئی فلم کے خلاف کئی مقدمات دائر کئے ہیں جو مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جبکہ اعلیٰ عدالت کی طرف سے فیصلہ جلد کرنے کے بارے میں بھی کہا گیا تھا۔فلم کی عدالتی جنگ کی وجہ سے تاحال اس کی پرموشن شروع نہیں ہوسکی جس کے باعث کئی روز سے یہ افواہیں زیر گردش ہیں کہ اسے عیدالفطر پر ریلیز نہیں کیا جائے گا تاہم فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت اور ڈائریکٹر بلال لاشاری نے خاموشی اختیار کی ہوئی تھی لیکن عمارہ حکمت نے اب اس کی تصدیق کردی ہے۔عمارہ حکمت نے بتایا کہ فلم تھوڑی آگے لے کر جارہے ہیں جس کی مختلف وجوہات ہیں۔ لیکن ہم نے نئی تاریخ فائنل نہیں کی،جیسے ہی تاریخ فائنل ہوگی میڈیا اور شائقین کو مطلع کردیں گے۔