بلدیاتی نمائندوں کا نیا نظام لانے کے خلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا ، احتجاج

بلدیاتی نمائندوں کا نیا نظام لانے کے خلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (این این آئی،آن لائن )لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندوں نے حکومت کی جانب سے موجودہ نظام کو تحلیل کر کے نیا بلدیاتی نظام لانے کے خلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر دھرنا دے کر احتجاج کیا ،مظاہرے میں تمام ڈپٹی میئروں سمیت یونین کونسلوں کے چیئرمینوں اور کونسلروں کے ساتھ ساتھ فیصل آباد کے میئر اور دیگر بلدیاتی نمائندگان نے شرکت کی۔ بعدازاں مظاہرین پر امن منتشر ہو گئے مظاہرے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بعض اراکین پنجاب اسمبلی بھی شامل تھے۔مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی نے بھی احتجاج میں شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندے پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس چوک میں جمع ہوئے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے مال روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ۔ بلدیاتی نمائندے ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ، جینا ہوگا مرنا ہوگا دھرنا ہوگا کے نعرے لگاتے رہے ۔ بلدیاتی نمائندوں کی آمد کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری بھی مال روڈ پہنچ گئی، مال روڈ کا ایک حصہ ٹریفک کے لئے بند ہونے کی وجہ سے مال روڈاور ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک دباؤ کا شکار ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ رہیں ۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے احتجاجاً ایک موٹر سائیکل کو بھی آگ لگا دی جو مکمل طو رپر جل کر خاکستر ہو گئی ۔ بعد ازاں مسلم لیگ (ن) پنجا ب کے ترجمان ملک احمد خان ، رانا مشہود کی سربراہی میں اراکین اسمبلی بھی احتجاج میں شامل ہو گئے اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے ۔ ملک محمد احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بلدیاتی نظام کے مسودے کی ہر شق پر ترامیم جمع کرائیں گے ،یہ احتجاج گلی کوچوں تک پھیلے گا ۔ اگر بلدیاتی نظام پر شب خون مارا گیا تو اسمبلیوں کے اندر بیٹھے ہوئے لوگوں کو بھی گھر جانا پڑے گا ہم حکومت کو عوام کے مینڈیٹ کا قتل نہیں کرنے دیں گے ۔ احتجاج کے دوران شدید گرمی کی وجہ سے لارڈ مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کی طبیعت خراب ہو گئی جس پر انہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال لے جایا گیا ۔

مزید :

صفحہ اول -