دنیا بھر میں11 ہزار پاکستانی سلاخوں کے پیچھے ،غیر سرکاری تنظیم کی رپورٹ
اسلام آباد(آن لائن ) معروف غیر سرکاری تنظیم جسٹس پراجیکٹ پاکستان نے دوسرے ممالک میں قید پاکستانیوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ دنیا بھر میں 11 ہزار پاکستانی جیلوں میں قید، سب سے زیادہ سعودی عرب 3 ہزار309 ، بھارت 582 جبکہ ایران کی جیلوں میں 189پاکستانی قید ہیں۔ سعودی ولی عہد نے 2100 پاکستانیوں کی رہائی کااعلان کیا لیکن صرف 200 قیدی ہی وطن واپس آ سکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اندرونی بیرونی و بیرون ملک جیلوں میں قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والے ادارے جسٹس پراجیکٹ پاکستان نے بیرون ملک قید پاکستانیوں کے اعداد و شمار جاری کر دےئے ہیں جس کے مطابق سب سے زیادہ سعودی عرب کی جیلوں میں تین ہزار تین سو نو قیدی موجود ہیں۔سعودی عرب سے صرف 200 پاکستانی قیدی ہی رہا ہو کر پاکستان پہنچے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی جیلوں میں 582 جبکہ ایران کی جیلوں میں 189 پاکستانی قیدی موجود ہیں رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرون ملک مزدور پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں لیکن ان کی رہائی سے متعلق قوانین نہ ہونے سے تارکین وطن کو شدید خطرات لاحق ہیں ،سعودی عرب کی جیلوں میں قیدیوں کو سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔ جبکہ پاکستان میں لاپتہ افراد کا معاملہ بھی انتہائی حساس ہے۔