عمران خان کا دورہ تعلقات کو مزید فروغ دے گا، چینی وزارت خارجہ
بیجنگ (آئی این پی)وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین پاک چین تعلقات کومزید فروغ دینے کا باعث بنے گا، وزیراعظم پاکستان کے دورہ سے سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل میں تیزی آئے گی، عمران خان افتتاحی تقریب میں اہم خطاب کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کینگ شوانگ نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ چین و پاکستان کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین انتہائی اہم ہے، عمران خان کے دورہ چین سے دوطرفہ تعلقات بالخصوص سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل میں تیزی آئے گی، پاکستانی وزیراعظم عمران خان فورم کی افتتاحی تقریب سے اہم خطاب کریں گے، عمران خان چین کیلئے قابل قدر مہمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا پرچم بردار منصوبہ ہے اس کی بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ میں انتہائی اہمیت ہے، دوطرفہ جاری کوششوں سے اس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ چین پاکستان اکٹھے کام کرتے رہیں گے اور سی پیک کے مزید ثمرات دونوں ممالک کی عوام تک پہنچیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ چین امریکہ کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کو سختی کے ساتھ مسترد کرتا ہے، نارمل توانائی تعاون ایران اور دیگر ممالک مابین بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہے، امریکہ چین کے مفادات اور تحفظات کا ضرور خیال رکھے اور کسی بھی غلط حرکت کا مرتکب نہ ہو، ہم قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے چینی مفادات کا ہر صورت تحفظ کریں گے۔
چینی وزارت خارجہ