”وزیراعظم مجھے تبدیل کر سکتے ہیں اگر ۔۔“یاسمین راشد نے ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران اعلان کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان نے کاکردگی نہ دکھانے پر وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کیا جس کے بعد پنجاب میں تبدیلیوں کی افواہیں گردش کرنے لگیں تاہم اب صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد بھی میدان میں آ گئیں ہیں اور انہوں نے اپنے دل کی بات کہہ دی ہے ۔
نجی انگریزی ویب سائٹ ’’ دی نیوز ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے یاسمین راشد نے کہاکہ مجھے عہدے سے ہٹانے کا اختیار صرف وزیراعظم عمران خان کے پاس ہے ، ہو سکتاہے کہ میں وزیراعظم کی امیدوں پر پورا نہ اتر رہی ہوں ۔ یاسمین راشد نے وزیراعظم کو پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں مجھ سے زیادہ اچھا شخص ملتا ہے تو وہ مجھے تبدیل کر سکتے ہیں ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب اسمبلی میں پارٹی کے تمام ممبرا ن عثمان بزدار کے ساتھ ہیں اور وہ وزیراعلیٰ کے ساتھ کام کرنے میں کمفرٹیبل ہیں ۔