استعفیٰ دے رہے ہیں یا نہیں؟ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے واضح اعلان کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہاہے کہ پنجاب میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی اور میں استعفیٰ نہیں دے رہاہوں ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہناتھا کہ جولوگ سمجھتے ہیں غصے والا ہوں استعفا میری جیب میں ہوتا ہے،لوگ سن لیں میں عوامی خدمت کیلئے آیا ہوں،چار سال محنت کی ،گورنر بناہوں ،اب میدان سے بھاگا نہیں جا سکتا۔ ان کا کہناتھا کہ عثمان بزدار کی پاور شہباز شریف کے مقابلے میں کم سمجھتے ہیں تو یہ غلط ہے،پنجاب کو سو فیصد وزیراعلیٰ عثمان بزدار چلا رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب اور اسپیکر سے اختلاف کی خبریں غلط ہیں ۔
چوہدری محمد سرور نے واضح اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب تک میں گورنر ہوں تب تک سرور فاونڈیشن کی اندرون یا بیرون ملک ہونے والی فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت نہیں کروں گا ،سرورفاونڈیشن کے تمام فنڈ آب پاک اتھارٹی کو منتقل کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وفاق اور پنجاب میں 5سال حکومت کرےگی ،وفاقی اور پنجاب حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری مرضی سے کچھ اورفیصلے ہوتے تو پی ٹی آئی کوپنجاب میں دو تہائی اکثریت ملتی۔