ایچ ای سی کے بجٹ میں کٹوتی کی گئی تو یوای ٹی اساتذہ سڑکوں پر آئیں گے:ڈاکٹر امانت علی بھٹی

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس صدر ڈاکٹر امانت علی بھٹی کی صدار ت میں کیمیکل سیمینار ہال میں منعقد ہوا, جس میں لاہور کے علاوہ گوجرانوالہ ،فیصل آباد، نارووال اور کالا شا کا کو کیمپس کے اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو دی گئی بریفنگ میں صدر ڈاکٹر امانت علی بھٹی نے کہا کہ اجلاس میں متفقہ طو رپر طے پایا کہ اگر ایچ ای سی کے بجٹ میں کٹوتی کی گئی تو یوای ٹی کے اساتذہ سڑکوں پر آئیں گے،یوای ٹی انجینئر پیدا کرتی ہے،اسکے اساتذہ کو بھی ٹیکنکل الاونس دیا جائے،یوای ٹی کے ایکٹ میں ایچ ای ڈی پنجاب کو مداخلت کا کوئی حق نہیں،یوای ٹی ایک خود مختار ادارہ ہے جس کا ایکٹ پارلیمنٹ سے منظور شدہ ہے،ہمیں کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا،سندھ حکومت نے پی ایچ ڈی الاوئنس 25 ہزار کردیا ہے جبکہ پنجاب حکومت صرف 10ہزار دے رہی ہے جو بہت کم ہے،لہذا پنجاب حکومت بھی پی ایچ ڈی الاوئنس میں اضافہ کرے،اسی طرح پنجاب حکومت کی طرف سے انجینئرز کو دیے گئے ٹیکینکل الاؤنس کا اطلاق یوای ٹی پر کرے،یوای ٹی کے 200کنٹریکٹ لیکچرز کو مستقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایکٹ میں ایچ ای ڈی کو دیے گئے قانونی اختیار کو تسلیم کرتے ہیں،مگر ایچ ای ڈی اپنے حق سے زیادہ مداخلت کا سلسلہ بند کرے،یوای ٹی کی سینڈیکٹ کے اجلاسوں میں ایچ ای ڈی کے سیکرٹری کو خود شرکت کرنی چاہیے۔ اجلاس میں ڈاکٹر ظفر نون،ڈاکٹر فاروق،ڈاکٹر تو صیف ایزد،ڈاکٹر گل حمید اعوان،ڈاکٹر تنویر قاسم،ڈاکٹر کے ایم حسن،ڈاکٹر کامران،سیکرٹری محمد راشد سمیت اساتذہ کی بڑی تعداد نے شر کت کی۔