”آج کے دن قبائلی خواتین اور مردوں کو احساس ہوا ہے کہ “ وزیراعظم کے دورہ وانا پر کنز ااقتدار خان بھی میدان میں آگئیں

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما اور قائد قبائل ملک کنزا اقتدار خان نے وانا میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قبائلی علاقوں کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن قبائلی علاقوں میں خواتین اور عام شہریوں کو احساس ہوا ہے کہ وہ بھی پاکستان کے شہری ہیں ،تعلیم ، صحت اور روزگار قبائلی عوام کا بنیادی حق ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے فاٹا اور دیگر قبائلی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر کے اہلیان قبائل کے دل جیت لئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ’’پاکستان ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قائد قبائل ملک کنزا اقتدار خان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں اور فاٹا کے حقیقی مسائل کو تحریک انصاف اور وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ کوئی دوسرا نہیں سمجھ سکتا ،وزیر اعظم نے قبائلی علاقوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے ،روزگار ،صحت اور تعلیم کے لئے بڑے منصوبوں کا اعلان کر کے کئی سالوں سے وحشت اور دہشت کے شکار معصوم پاکستانی شہریوں کے چہروں پر خوشی بکھیر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کئی سالوں سے فاٹا سمیت دیگر قبائلی علاقوں میں خواتین کے با وقار روزگار کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں ،آج وزیر اعظم عمران خان کے اعلانات سے ان کے حوصلوں کو بھی تقویت ملی ہے اور وہ سمجھتی ہیں کہ ان کی برسوں کی جدوجہد رنگ لائی ہے ،وزیر اعظم عمران خان فاٹا اور دیگر قبائلی علاقوں کی خواتین کو طاقت ور بنانے کے لئے پر عزم ہیں ،فاٹا اور قبائلی علاقوں کی خواتین وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کردہ منصوبوں پر خوش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے گی کہ جس حد تک ممکن ہوا فاٹا اور قبائلی علاقوں کی ترقی کے لئے دن رات جدوجہد کروں اور یہاں کی خواتین پاکستان کے دیگر علاقوں کی خواتین کی طرح مضبوط،منظم اور باوقار زندگی گذاریں،خواتین کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لئے کسی سفارش یا رشوت کی ضرورت نہیں ہو گی ،ہر کام میرٹ پر ہو گا ،فاٹا اور قبائلی علاقوں کی کسی عورت کی حق تلفی نہیں کرنے دیں گے۔