خواتین میں بیس بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، عائشہ خان

خواتین میں بیس بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، عائشہ خان

  

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد بیس بال ٹیم کی کپتان عائشہ خان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں خواتین میں بیس بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں اگر سہولیات میسر ہوں تو وفاقی دارالحکومت کی خواتین بھی قومی سطح پر کامیابی حاصل کر سکتی ہیں۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی ٹیم قومی بیس بال چیمپیئن شپ میں باقاعدگی سے شرکت کررہی ہے اور اسلام آباد بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر طاہر محمود پاپا کی ذاتی کاوشوں سے یہ کھیل آہستہ آہستہ مقبولیت اختیار کر رہا ہے، کسی بھی کھیل کی ترقی کیلئے تعلیمی اداروں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے لیکن ہمارے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے پرائیویٹ سکول کی رجسٹریشن سے قبل اس کے پاس کھیلوں کے میدان ہونے ضروری ہیں۔ ایک سوال کے جواب عائشہ خان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں خواتین میں بیس بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی کے باعث یہ کھیل زیادہ مقبولیت حاصل نہیں کر پا رہا۔ اسلام آباد بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر طاہر محمود پاپا نے کہا کہ اسلام آباد ایک واحد شہر ہے کہ جہاں پر سپورٹس بورڈ کو کوئی سالانہ گرانٹ نہیں ملتی اور ہم اپنی مدد آپ کے تحت سارے ایونٹس میں شرکت کرتے ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -