احساس سنٹر پر ساڑھے 6کروڑ روپے تقسیم بزرگ خاتون کو رقم نہ دینے والا ایجنٹ گرفتار

  احساس سنٹر پر ساڑھے 6کروڑ روپے تقسیم بزرگ خاتون کو رقم نہ دینے والا ایجنٹ ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے گورنمنٹ ہائی سکول علی رضا آباد رائیونڈ روڈ لاہور کے احساس کیمپ میں رقم نہ دینے پر ایجنٹ اویس عاطف کو گرفتار کر لیا، ایجنٹ نے پٹھانی مائی زوجہ اللہ ڈیوایا کو رقم کی ادائیگی نہ کی اورانگوٹھا سیکننگ کے بعد ایجنٹ نے انٹری نہ ہونے کی غلط بیانی کی۔تصدیق کے بعد ضلعی انتظامیہ نے اس پر کارروائی کی اور پٹھانی مائی کو 12 ہزار روپے دلوا دئیے اور ایجنٹ اویس عاطف کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کروا دیا گیا۔دریں اثناء ضلعی انتظامیہ نے احساس کفالت سنٹرز پر رقم ادائیگی کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ گذشتہ روز 31 سنٹرز سے 5355 افراد کو 12 ہزار فی کس کے حساب سے 6 کروڑ، 55 لاکھ 89 ہزار روپے کی ادائیگی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بارہ دنوں میں مجموعی طور پر 107794 افراد کو1 ارب 31 کروڑ 48 لاکھ 51 ہزار روپے کی ادائیگی کی گئی ہے اورآج تیرھویں روز بھی رقم کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رہا۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ31 سنٹرز اور ان کے 145 کیش کاونٹرز پر بھر پور انتظامات کیے گئے ہیں اور تمام سنٹرز پر کورونا کے حوالے سے انتظامات کیے گئے ہیں۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کے ساتھ 8171 سے مسیج آنے والوں کو بھی رقم کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -