میجر (ر) اعظم سلیمان تبدیل، جواد رفیق ملک نئے چیف سیکرٹری پنجاب تعینات، صوبائی بیورو کریسی میں مزید بڑے پیمانے پر تبادلوں کاا مکان

    میجر (ر) اعظم سلیمان تبدیل، جواد رفیق ملک نئے چیف سیکرٹری پنجاب تعینات، ...

  

لاہور(خبر نگار)چیف سیکرٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اور ان کی جگہ جواد رفیق ملک کو نیا چیف سیکرٹری پنجاب تعینا ت کر دیا گیا ہے۔میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کو اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے چیف سیکرٹری پنجاب کی تعیناتی کا نو ٹیفکیشن جاری کر دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کو ہٹانے کا فیصلہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے وزیر اعلی پنجاب کی ہونیوالی ملاقا ت میں کیا گیا۔نئے چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک آج اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی تبدیلی کے بعد پنجاب بھر میں بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلے متوقع ہیں جس میں متعدد ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز تبدیل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نئے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اس سے قبل وفاقی سیکرٹری کمیونیکیشن تھے، وہ اس سے قبل چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سیکرٹری قومی اسمبلی، کمشنر لاہور ڈویژن، اور سیکرٹری صحت پنجاب بھی رہ چکے ہیں۔جواد رفیق ملک فواد حسن فواد رضوان ااحمد، سکندر سلطان، اے ڈی خواجہ اور شعیب میر میمن کے بیج میٹ ہیں۔

چیف سیکرٹری تبدیل

لاہور (جاوید اقبال)پنجاب میں اعلی بیوروکریسی میں تبادلوں کیلئے بڑے ریلے کی تیاری شروع کر دی گئی۔ پنجاب کے نئے چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک کا شمار بیو روکریسی ایک شریف النفس،ایماندار آفیسر اور تربیت یافتہ بیوروکریٹ کے طور پر ہوتا ہے،اگرچہ ان کا ماضی گواہ ہے کہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں،زیادہ تبادلوں کے سخت مخالف ہیں،مگر پنجاب کے چیف سیکرٹری کی ہما ان کے سر پر بیٹھ جانے کے بعد نتائج دینے کیلئے انہوں نے اپنی ٹیم لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ محکموں میں نئی ٹیم لانے کیلئے جلد بازی سے کام نہیں کریں گے۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑے محکموں کے بڑے سیکریٹریز جن کی کارکردگی پر پہلے ہی سرخ نشان لگ چکے ہیں ان کو پہلے مرحلے میں تبدیل کیا جائے گا،بعد میں کورونا میں ناقص کارکردگی دکھانے والے کمشنرز ور ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کیا جائے گا۔ یہاں تک کہ ہسپتالوں میں کورونا کے نام پر مہنگے داموں خریدداری کرنیوالے پرنسپل اور ایم ایس کا سپیشل آڈٹ کرا کر ان سے نا صرف حساب لیا جائیگا، بلکہ ان کو تبد یل بھی کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کیلئے آئندہ دو روز بہت اہم ہیں۔تبادلوں اگلا بڑا ریلا آئندہ ہفتوں آئے گا۔جس کیلئے آج سے افسروں کے ناموں کی تیاری شروع کر دی جائیگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادہ تر اس بات کا امکان ہے کہ سیکرٹری صحت سمیت زراعت لائیو سٹاک خوراک ایڈیشنل چیف سیکرڑی کو بھی تبدیل کر دیا جائیگا۔ ان افسروں کی اکثریت کو صوبہ بدر کرنے کے بجائے ری شفل کیا جائیگا۔اینٹی کرپشن مختلف کارپوریشنوں اور ترقیاتی اداروں کے سربراہان کو بھی ادھر ادھر کیا جائے گا۔

جواد رفیق

مزید :

صفحہ اول -