عمران نیاز کے دماغ میں موجود کنفیوژن سے ملک و قو م کو نقصان کا خطرہ: شہباز شریف

عمران نیاز کے دماغ میں موجود کنفیوژن سے ملک و قو م کو نقصان کا خطرہ: شہباز ...

  

لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران نیازی صاحب کے دماغ میں موجود کنفیوژن کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہونے کا خطرہ ہے،ملک محض ٹیلی تھان سے نہیں چل سکتا بلکہ مربوط اور مضبوط معاشی وانتظامی حکمت عملی درکار ہے، حکومتی سطح پر واضح حکمت عملی کا فقدان ہے، لاک ڈاؤن سمیت ہر معاملے میں کنفیوژن ہے جو عوام کے ریلیف سے لے کر ڈاکٹرزاور طبی عملے کو کٹس کی فراہمی تک عیاں ہے،تحریک انصاف کی حکومت اٹھارہ ماہ سے کسی معاشی سمت سے محروم ہے جس کی وجہ سے جاری بحران نے کورونا وائرس کے اثرات کو مزید مہلک بنادیا، واضح سوچ اور حکمت عملی نہ ہونے سے صورتحال خدانخواستہ مزید گھمبیر ہوتی جائے گی۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کے آ غاز میں پارٹی رہنماؤں سرانجام خان، راجہ اشفاق سرور اور راجہ محمد افضل کی وفات پر اظہار تعزیت اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔میاں شہبازشریف نے پارٹی رہنما حافظ نعمان کو مقدمہ سے بری ہونے مبارک دیتے ہوئے کہا کہ یہ بریت اور دیگر رہنماؤں کی ضمانتیں نیب نیازی گٹھ جوڑ کے جھوٹ اور سیاسی انتقام کا واضح ثبوت ہیں اورمجھے امید ہے کہ ایک بار پھر خدا ہم سب کو سرخرو فرمائے گا۔اجلاس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی بھرپور مذمت کی گئی۔ شرکاء نے کہا کہ ہم مقبوضہ جموں وکشمیر اوراندرون و بیرون ملک کورونا سے وفات پانے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار افسوس اور مرحومین کے لئے دعا کرتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے ڈاکٹرز اورطبی عملہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ حکومت کو بھی سراہتے ہیں جوکورونا کے خلاف بھرپور جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے،سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ قائد محمد نوازشریف کی ہدایت پر ہمارے رہنما اور کارکنان نے نمودونمائش اور تشہیر بازی سے دامن بچایا اور فلاحی وامدادی سرگرمیوں کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا۔شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے خلوص اور دردمندی کے جذبے سے عوام کی مدد کی خاطر غیرمشروط تعاون کا ہاتھ حکومت کی طرف بڑھایا، اسی جذبے سے ہم نے تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت سے قومی حکمت عملی مرتب کی، اپوزیشن نے بھی اس کی تائید کی،معیشت، کاروباراور عوامی زندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل عمل تجاویز پیش کیں،ہماری تجاویز پر بروقت عمل کرکے قوم اور ملک کا بہت بھلا ہوسکتا تھا۔شہبازشریف نے کہا کہ کورونا اوراس کے معاشی اثرات سے نمٹنے کیلئے حکومتی سطح پر نہ حکمت ہے اور نہ ہی عمل ہے۔مزدور، دیہاڑی دار اور غریب حکومتی ریلیف اور امداد کے انتظار میں ہیں،ڈاکٹرز الگ پریشان ہیں کہ لاک ڈاون کی مبہم پالیسی سے کورونا پھیل سکتا ہے یہ فیصلہ کن وقت ہے، کورونا کا اتنی تیزی سے پھیلنا دہشت ناک ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آٹا،چینی سیکنڈل کے تحقیقاتی کمیشن میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے،شاہد خاقان عباسی اور خرم دستگیر خان کمیشن میں پیش ہو کر اصل کرداروں کو بے نقاب کریں گے۔شہباز شریف نے حکومت سے میڈیا کے واجبات ادا کرنے اور سٹیٹ بینک سے بلاسود قرضے فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

شہبازشریف

مزید :

صفحہ اول -