کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کا ایک ملین ڈالر کی لاگت سے امدادی پروگرام کا آغاز

      کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کا ایک ملین ڈالر کی لاگت سے امدادی ...

  

لاہور/اسلام آباد(آئی این پی) سعودی حکومت کے کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے ایک ملین ڈالر کی لاگت سے کرونا بحران کی وجہ سے بیروزگار ہونے والے پاکستانیوں کے لیے امدادی پروگرام کا افتتاح کر دیا۔پہلے مرحلے میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پنجاب کے بیس ہزار خاندانوں کا امدادی راشن گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے حوالے کر دیا یہ راشن لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں تقسیم کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز ہونے والی افتتاحی تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، گورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور اور کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے ساتھ مل کر کام کرنے والی فلاحی تنظیم حیات فاونڈیشن کے پروگرام منیجر شہزاد احمد، ڈپٹی منیجر کہکشاں تبسم، منیب احمد اور خالد رحیم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بیس ہزار غریب افراد کے لیے راشن کی فراہمی پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی و حیات فاونڈیشن کے نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دو بھائیوں کی طرح ہیں جن کا رشتہ چٹان سے زیادہ مظبوط ہے جب بھی ایک بھائی پر مشکل آتی ہے تو دوسرا اس کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا بحران کی وجہ سے ایک کروڑ بیس لاکھ سے زیادہ افراد بیروزگار ہوئے ہیں جن کے لیے راشن کی فراہمی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اس نیک کام کے لیے سعودی سفیر کا جذبہ مثالی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت بھی غریب افراد کے لیے احساس پروگرام و دیگر منصوبوں کے ذریعے امداد کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ میری سربراہی میں پنجاب میں فلاحی تنظیمیں پنجاب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے ذریعے پانچ لاکھ غریب خاندانوں کو راشن فراہم کر رہی ہیں اور انشائاللہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غریبوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر شفاف طریقے سے راشن فراہم کریں گے۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم پاکستان میں کرونا بحران سے بیروزگار ہونے والے غریب خاندانوں کے لیے راشن کی فراہمی کا آغاز گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ساتھ ملکر کر رہے ہیں پاکستان سمیت دنیا کے 49 دیگر ممالک میں بھی کرونا بحران کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے غریب خاندانوں کو کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلف سینٹر امداد فراہم کررہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مثالی تعلقات ہیں اور جب بھی پاکستان پر کوئی مشکل آتی ہے تو ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ بہترین تعلقات پر فخر کرتے ہیں۔

سعودی امداد

مزید :

صفحہ اول -