کورونا وباکے سبب ٹیلی سکول کے ذریعے فاصلاتی تعلیم کی فراہمی اہم اقدامت: صدر مملکت

کورونا وباکے سبب ٹیلی سکول کے ذریعے فاصلاتی تعلیم کی فراہمی اہم اقدامت: صدر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بچوں کو ٹیلی سکول کے ذریعے فاصلاتی تعلیم کی فراہمی اہم قدم ہے، مشکل وقت میں یہ تعلیم کی فراہمی کا بہترین اور آسان طریقہ ہے، آن لائن طریقہ سے تعلیم کی فراہمی کے ذریعے بچوں کا وقت ضائع ہونے سے بچانے میں مدد ملے گی۔گزشتہ روزاسلام آباد کالج فار گرلز ایف سکس میں دورے کے موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ ٹیلی سکول کے ذریعے مواصلاتی تعلیم کی فراہمی کے لئے وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے عملہ اور اساتذہ کرام نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ اساتذہ کرام عزم و ہمت کی وہ مثال ہیں جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ انہوں نے کہاکہ غیر معمولی محنت اور عزم سے یہ کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی سکول تعلیم کے شعبہ میں بہترین اضافہ ہے،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پہلے ہی فاصلاتی طریقے سے تعلیم فراہم کررہی ہے تاہم موجودہ صورتحال میں ٹیلی سکول کے ذریعے بچوں کو تعلیم کی فراہمی سے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ اس طریقہ کار کے تحت بچوں کے لئے تمام کلائڈز موجود ہیں،وہ اپنے لیکچرز ریکارڈ بھی کر سکتے ہیں جبکہ والدین بھی ٹیلی سکول کے ذریعے اپنے بچوں کو پڑھانے میں معاونت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیلیفورنیا میں ایک سروے کے دوران معلوم ہوا کہ بچے سکولوں کی بجائے فاصلاتی تعلیم سے زیادہ بہتر سیکھتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ ایسا نظام پاکستان میں بھی بنے، یہ تعلیم فراہم کرنے کا بہترین اور آسان طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی زندگی میں الفاظ کا چناؤ اہمیت کا حامل ہے۔ بچے اساتذہ کے بولنے سے سیکھتے ہیں۔ اساتذہ کو تعلیم کی فراہمی کے دوران مناسب الفاظ کا چناؤ کرنا چاہیے،اس موقع پر خطاب وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے بھی خطاب کیا۔

مزید :

صفحہ آخر -