پشاور،لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 631 گاڑیاں بند،جرمانے عائد
پشاور(کرا ئم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالے پبلک ٹرانسپورٹروں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ دو دنوں میں مزید 631 گاڑیوں کو ٹرمینل میں بند کر کے مالکان پر جرمانے عائد کردیئے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ایس پیز‘ ڈی ایس پیز‘ ٹی اوز اور دیگر ٹیموں نے شہر بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی خاطر آگاہی دینے کیلئے ناکہ بندیاں کی ہیں جہاں پر شہریوں کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آگاہی دی جاتی ہے۔ اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی ذاتی گاڑیوں میں دو سے زیادہ افراد کے سفر کرنیوالوں کے خلاف بھی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ٹریفک نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتوں سے نمٹا جائیگا اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی چاہے وہ پبلک ٹرانسپورٹرز ہوں یا عام شہری ہوں کیونکہ ہمارے لئے سب برابر ہیں ہمارا کام قانون پر عملدرآمد کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اپنے گھروں تک محدود رہیں تاکہ اس وباء پر قابو پایا جا سکے۔