حکومت ٹرانسپورٹرز کی واپسی کیلئے انتظامات کرے،سردار بابک

حکومت ٹرانسپورٹرز کی واپسی کیلئے انتظامات کرے،سردار بابک

  

پشاور(سٹی رپورٹر) اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ حکومت سپین بولدک میں پھنسے ایک ہزار سے زائد ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کی فوری واپسی کیلئے بلا تاخیر انتظامات کریں، ایک مہینے سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے کہ ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار سے زائد ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔ ان کے اہل خانہ کی طرف سے بار بار یاددہانی کے باوجود حکومت نے ان کی واپسی کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں سردارحسین بابک نے کہا کہ حکومت کو ان پھنسے ہوئے ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ افراد کے مسئلے کو سنجیدگی کیساتھ حل کرنا چاہیے۔ رمضان المبارک کا مبارک مہینہ شروع ہونے سے پہلے ان غریب محنت کشوں کو باعزت طریقے سے ان کی واپسی کو یقینی بنانے چاہیے۔ اس نازک اور سخت صورتحال میں حکومت کا اپنے شہریوں کے مشکلات اور مسائل سے چشم پوشی قابل افسوس اور ناقابل معافی ہے۔ سردارحسین بابک نے کہا کہ جس طرح حکومت طبی اور ریلیف کے شعبوں میں بری طرح ناکام رہا ہے، اس طرح حکومت اپنے شہریوں کو باہر ممالک اور اندرون ملک واپسی پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے، افسوس کا مقام ہے کہ موجودہ حکمران جماعت کو باہر ملک میں مقیم پاکستانی باشندوں نے سب سے زیادہ سپورٹ کیا ہے، لیکن تبدیلی سرکار کی حکومت نے ملک سے باہر پاکستان کے باشندوں کو جتنا ستایا شاید ہی اس کی مثال ملتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس مشکل وقت میں اپنے پھنسے ہوئے اور گھروں کو واپسی کے منتظر اپنے تمام باشندوں خواہ وہ ملک کے اندر ہوں یا باہر، ان کی واپسی میں مزید تاخیر مجرمانہ غفلت تصور ہوگی۔سردار حسین بابک نے میڈیا سے بھی درخواست کی کہ وہ ملک کے اندر اور ملک سے باہر پاکستان کے باشندوں کے مشکلات اور مسائل کو اہل اختیار اور اہل اقتدار کو پہنچانے میں اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -