298نئے کیسز، سندھ میں کل تعداد 3671ہو گئی ہے: وزیراعلٰی سندھ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ صوبہ سندھ میں جمعرات کو298نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں، اس حساب سے سندھ میں کل مریضوں کی تعداد 3671 ہوگئی ہے۔سید مراد علی شاہ نے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اپنے ایک وڈیو پیغام میں کہاکہ کورونا وائرس کے باعث جمعرات کو مزید 4 مریض انتقال کر گئے، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 73 ہوگئی ہے جو کل مریضوں کا 1.98 فیصد ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں کل 2934 مریض زیر علاج ہیں جبکہ 1871 مریض گھروں میں آئیسولیٹ ہیں اور 640 آئیسولیشن مراکز میں، 423 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔انہوں نے کہاکہ سندھ کے 298 کیسز میں سے کراچی میں 202 اور 96 دیگر اضلاع میں ہیں، ضلع وسطی کراچی میں 29 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، ضلع شرقی کراچی میں 25، ملیر میں 79، جنوبی کراچی میں 63 اور غربی کراچی میں 6 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔اسی طرح اندرون سندھ سکھر میں 20، شہید بینظیر آباد میں 8، لاڑکانہ میں 11، دادو میں 2، گھوٹکی اور سجاول میں ایک، ایک کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے 5102 لوگوں کو ٹیسٹ کیا گیا ہے، تبلیغی جماعت کے لوگوں میں 764 مثبت آئے ہیں، 17 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ نے کراچی یونیورسٹی میں پاکستان کی سب سے بڑی لیبارٹری قائم کر دی ہے، اس بایو سیفٹی لیول تھری لیب نے بھی کام شروع کر دیا ہے جبکہ یہ لیب کورونا وائرس کے روزانہ 800 ٹیسٹ کرے گی۔وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ 3 ہفتوں میں اس لیب کی ٹیسٹ کی صلاحیت بڑھ کر 2400 ہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہ مسقط سے ایک فلائٹ میں 176 پاکستانی آئے تھے جن میں سے 36 کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ انگولا اور دبئی سے 2 فلائٹس میں 510 مسافر آئے تھے جن میں 22 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔