ایشیاءکپ کا معاملہ، پی سی بی نے دوٹوک اعلان کر دیا، پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کر دئیے

ایشیاءکپ کا معاملہ، پی سی بی نے دوٹوک اعلان کر دیا، پاکستانیوں کے سر فخر سے ...
ایشیاءکپ کا معاملہ، پی سی بی نے دوٹوک اعلان کر دیا، پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کر دئیے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے ایشیاءکپ کے طے شدہ شیڈول کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی بیماری ایشیاءکپ کے انعقاد میں واحد رکاوٹ ہے جو کہ ٹورنامنٹ میں تاخیر کا سبب بن سکتی ہے اور اس حوالے سے ہمارا موقف بھی بالکل واضح ہے۔ ایشیاءکپ ستمبر میں طے پایا گیا ہے اور اس کے انعقاد میں صحت سے متعلق تحفظ جیسے مسائل درپیش ہیں لیکن ہم یہ ہر گز قبول نہیں کریں گے کہ آئی پی ایل کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے ایشیاءکپ کو آگے کر دیا جائے۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ سننے میں آ رہا ہے ایشیاءکپ کو نومبر اور دسمبر میں منتقل کرنے کی بات کی جا رہی ہے، ہمارے لئے یہ ممکن نہیں کیونکہ اگر ایشیاءکپ کو آگے بڑھایا گیا تو آپ ایک ممبر کیلئے راستہ بنا رہے ہیں جو کہ ٹھیک نہیں ہے اور اس فیصلے میں ہماری مدد یا تعاون بالکل نہیں ہو گا۔

واضح رہے کہ رواں سال آئی پی ایل کورونا وائرس کے پیش نظر غیر معینہ مدت کیلئے معطل کی جا چکی ہے اور بھارتی کرکٹ بورڈ کا خیال ہے کہ ستمبر میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے انہیں وقت مل سکتا ہے جبکہ یہ باتیں کی جا رہی ہیں کہ آئی پی ایل کیلئے راستہ صاف کرنے کی خاطر ٹی 20 ورلڈکپ کو بھی ملتوی کیا جا سکتا ہے۔

مزید :

کھیل -