”سلیم ملک کو کرکٹ میں واپسی کی اجازت اس وقت تک نہیں ملے گی جب تک وہ۔۔۔“ حیران کن انکشاف منظرعام پر آ گیا

”سلیم ملک کو کرکٹ میں واپسی کی اجازت اس وقت تک نہیں ملے گی جب تک وہ۔۔۔“ حیران ...
”سلیم ملک کو کرکٹ میں واپسی کی اجازت اس وقت تک نہیں ملے گی جب تک وہ۔۔۔“ حیران کن انکشاف منظرعام پر آ گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم ملک کو اس وقت تک دوسرا موقع نہیں مل سکتا جب تک وہ 2013ءمیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹس کا جواب نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سلیم ملک پر 2000ءمیں جسٹس قیوم کی رپورٹ کے بعد تاحیات پابندی عائد کر دی گئی تھی تاہم اب انہیں دوبارہ موقع دینے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کے مایہ ناز سابق کپتان و چیف سلیکٹر انضمام الحق، مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق اس حوالے سے بیانات جاری کر چکے ہیں جبکہ خود سلیم ملک نے بھی ویڈیو پیغام میں کہا کہ اگر شرجیل خان، سلمان بٹ اور محمد عامر کو دوسرا موقع مل سکتا ہے تو انہیں کیوں کرکٹ میں واپسی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
پی سی بی کے ایک افسر نے بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”سلیم ملک نے ابھی تک پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹس کا کوئی جواب نہیں دیا اس لئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور پی سی بی اس حوالے سے واضح موقف نہیں دے سکتے کہ سلیم ملک کو کرکٹ سے دور کیوں رکھا گیا ہے۔“
انہوں نے کہا کہ ”جسٹس قیوم جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعد جب 2000ءمیں سلیم ملک پر تاحیات پابندی عائد کی گئی تو اس کے بعد سلیم ملک نے انگلینڈ میں چند میٹنگز کیں جس کے ثبوت آئی سی سی نے حاصل کئے جن سے ان ملاقاتوں کے مقاصد بارے شکوک و شبہات پیدا ہوئے۔ نئی انتظامیہ سے بھرے پی سی بی نے مقامی عدالت کی جانب سے سلیم ملک کی سزا معطل کرنے کے معاملے پر صبر کیا لیکن جب آئی سی سی انگلینڈ میں ہونے والی ملاقاتوں کا معاملہ بورڈ کے نوٹس میں لائی تو اس کے بعد ان کی شخصیت سے متعلق ناپسندیدگی کا عنصر پیدا ہوا۔“

مزید :

کھیل -