کراچی:وفاقی سطح پر بین الاقوامی مرکز کے تجزیاتی معیار کا اعتراف

  کراچی:وفاقی سطح پر بین الاقوامی مرکز کے تجزیاتی معیار کا اعتراف

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل(پی این اے سی)، وفاقی وزارت برائے سائنس اور ٹیکنالوجی نے تجزیاتی معیار کی بلندی کے پیشِ نظر بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایسں) جامعہ کراچی کے صنعتی تجزیاتی مرکز (آئی اے سی) کو  ”سرٹیفیکیٹ آف ایکریڈیٹیشن“ دیا ہے، صنعتی تجزیاتی مرکزاعلیٰ پشہ ورانہ ماحول کا حامل ہے، ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹوٹ آف کیمسٹری کے تحت صنعتی تجزیاتی مرکز700سے زیادہ صنعتوں کو سائنسی جانچ پڑتال کی اعلیٰ سہولیات فراہم کررہا ہے۔  یہ بات آئی سی سی بی ایسں جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے جمعہ کو ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوت آف کیمسٹری میں ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔ پروفیسر اقبال چوہدری نے پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل کی قومی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ ایک وفاقی ادارے کی جانب سے بین الاقوامی مرکز کے تحقیقی اور تجزیاتی معیار کا اعتراف پوری جامعہ کراچی کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل اُن تحقیقی مراکز یا تجربہ گاہوں کے معیار کی شناخت اور توثیق کرتی ہے جو متعدد سائنسی شعبہ جات بشمول مائیکروبائیولوجیکل، کیمیکل، فوڈ، تعمیرات، ماحولیات، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل وغیرہ میں تجربات کرتے ہیں۔ انہوں نے پروفیشینسی ٹیسٹ (پی ٹی) کے متعلق کہا کہ صنعتی تجزیاتی مرکز آئی ایس او(ISO) کے معیارISO/IEC 17043 پر تسلیم شدہ ادارہ ہے۔پروفیشینسی ٹیسٹ دراصل آئی ایس او کے متعلقہ معیار کا اہم عنصر ہے جس کے ذریعے سے تجزیاتی عمل کی توثیق کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی تجزیاتی مرکز میں قائم خصوصی حلال تجرباتی لیبارٹری میں غذا، کاسمیٹکس، ادویات میں موجود غیرحلال اجزاء کی تجزیاتی سروس بھی جاری ہے، اس تجزیاتی مرکز میں سائنسدان مختلف تجربات سے متعلقہ اشیاء میں غیر حلال کیمیائی و حیاتیاتی اور مصنوعی اجزاء کی موجودگی کی جانچ پڑتال کرتے ہیں،انہوں نے کہا انڈونیشیاء نے پاکستان سے انڈونیشیاء برآمد ہونے والی غذائی اشیاء کی تحقیقی جانچ پڑتال کے لئے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹوٹ  جامعہ کراچی کی ہی خدمات حاصل کی ہیں، انڈونیشین ایگریکلچر قوارنٹین ایجنسی نے پاکستان کے اس معروف تحقیقی ادارے کو معیاری لیبارٹری قرار دیا ہے،انہوں نے کہا یہاں پر تجزیاتی آلات پر بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ بمعہ اسناد دی جاتی ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -