بڑا ہدف بھی نہ بچا پایا، نیوزی لینڈ نے آخری ٹی 20 میں پاکستان کو شکست دے دی

بڑا ہدف بھی نہ بچا پایا، نیوزی لینڈ نے آخری ٹی 20 میں پاکستان کو شکست دے دی
بڑا ہدف بھی نہ بچا پایا، نیوزی لینڈ نے آخری ٹی 20 میں پاکستان کو شکست دے دی
سورس: BLACKCAPS

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) گرین شرٹس کو 194 رنز کا ہدف بھی شکست سے نہ بچا پایا، پانچ میچوں کی سیریز کے آخری ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے گرین شرٹس کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز  2-2 سے برابر کردی۔ کیویز نے 194 رنز کا ہدف  19.2 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

گرین شرٹس کے خلاف  نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی کی پہلی ہی گیند پر کپتان ٹام لیتھم نے وکٹ گنوادی، ول ینگ بھی پہلے ہی  اوور میں  چلتے بنے جب کہ ان کے بعد آنے والے ڈیرل مچل 15 رنز بنا کر عماد وسیم کا نشانہ بن گئے۔ ابتدا میں ہی وکٹیں گنوانے کی وجہ سے کیوی ٹیم پوری طرح پریشر میں آچکی تھی لیکن مارک چیپ مین اور جمی نیشم کی جوڑی نے نہ صرف پریشر کو ختم کیا بلکہ یقینی شکست کو  اپنی 121 رنز کی پارٹنر شپ کے ساتھ فتح میں بدل دیا۔ مارک چیپ مین نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے سنچری سکور کی۔ انہوں نے  57 گیندوں پر 104   جب کہ جمی نیشم نے 45 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور عماد وسیم نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 اس سے قبل  پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر  193 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو روایتی جوڑی محمد رضوان اور بابر اعظم نے زبردست طریقے سے اننگز کا آغاز کیا تاہم کپتان 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد آنے والے محمد حارث اور صائم ایوب کوئی بھی رن سکور نہ کرسکے جس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم پریشر میں آگئے جسے تجربہ کار بلے باز افتخار احمد نے ختم کیا۔ انہوں نے انتہائی تیزی کے ساتھ کھیلتے ہوئے 22 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔

ان کے بعد آنے والے عماد وسیم نے بھی شاندار بلے بازی کی اور تھوڑی سی گیندوں پر بڑا سکور کیا۔ انہوں نے 14 گیندوں پر  36 رنز بنائے اور محمد رضوان کی سنچری بنوانے کیلئے رن آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر رن لینے کی کوشش کی کیونکہ محمد رضوان 98 پر کھیل رہے تھے لیکن وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں گئی اور ان کی رن لینے کی کوشش کا نتیجہ رن مکمل ہونے کی بجائے رن آؤٹ کی صورت نکلا۔ پانچویں گیند پر آنے والے فہیم اشرف نے پہلی ہی گیند پر سنگل لے لیا اور آخری گیند پر محمد رضوان کو سنچری مکمل کرنے کا موقع فراہم کیا تاہم آخری گیند پر وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے سے محروم رہے۔

پاکستان کی اننگز کی سب سے خاص بات محمد رضوان کی اننگز تھی جو دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی، وہ اوپنر آئے اور آخری گیند تک کریز پر موجود رہے۔ انہوں نے  61  گیندوں پر سات چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 98 رنز بنائے۔

خیال رہے کہ میچ شروع ہونے سے قبل  پاکستان کو سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل  تھی،  سیریز کے پہلے دو میچز میں گرین شرٹس نے جب کہ تیسرے  میچ میں کیویز نے فتح اپنے نام کی تھی۔ سیریز کا چوتھا میچ بارش اور ژالہ باری کی نذر ہوگیا تھا۔

مزید :

Breaking News -کھیل -