کمار سنگاکارا کا شاندار انٹرنیشنل کیریئر اختتام پزیر
کولمبو ( نیٹ نیوز) سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز کمار سنگاکارا کا شاندار کیریئر اختتام پزیر ہوگیا تاہم وہ کیریئر کے آخری ٹیسٹ کو یاد گار نہ بنا سکے۔ آخری اننگز میں بھی اپنا روایتی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور محض 18 رنز بنا سکے۔ بھارتی کھلاڑیوں نے عظیم بلے باز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کرکٹ کے مایہ ناز بلے باز کمار سنگاکارا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے ہیں، انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آخری میچ بھارت کے خلاف کھیلا جس میں انہوں نے پہلی اننگز میں 32 اور دوسری میں 18 رنز بنائے، کیریئر کی آخری اننگز کے اختتام پر بھارتی کھلاڑیوں اور گراؤنڈ میں موجود شائقین نے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ جولائی 2000 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے 37 سالہ بلے باز نے اپنے 15 سالہ کیریئر میں سری لنکا کی جانب سے 134 ٹیسٹ کی 233 اننگز میں 57.40 کی اوسط سے 12400 رنز بنائے جس میں 38 سنچریاں اور 52 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے ایک ٹرپل سنچری سمیت 11 ڈبل سنچریاں سکور کیں، وہ ڈان بریڈ مین کے بعد زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے دنیا کے دوسرے کرکٹر ہیں۔