تحصیل سٹی کے افسران کے منظور نظر کرپٹ اہلکار ریکارڈ کیپر تعینات

تحصیل سٹی کے افسران کے منظور نظر کرپٹ اہلکار ریکارڈ کیپر تعینات

لاہور(اپنے نمائندے سے)صوبائی دارلحکومت کی تحصیل سٹی کے ریکارڈ میں افسران کے منظور نظر کرپٹ اہلکار کو ریکارڈ کیپر تعینات کر دیا گیا ، ریکارڈ روم میں حساس اور اہم ریکارڈ میں ردو بدل کا خدشہ ، ریکارڈ روم میں تعینات ہونے والے ریکارڈ کیپر کے خلاف انٹی کرپشن سمیت مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہونے کے علاوہ انکوائریاں بھی زیر التواء ہونے کے باجود افسران کے چہیتے کو من پسند سیٹ پر تعینات کرتے ہوئے کرپشن کرنے کی کھلی چھٹی دے دی گئی ،ذرائع کے مطابق تحصیل سٹی میں قائم داتا گنج بخش ریکارڈ روم میں کچھ عرصہ قبل تحصیل رائے ونڈ میں اربوں روپے روپے کی بیش قیمت اراضی کی جعلی سیل ڈیڈ چسپاں کرنے کا سکینڈل سامنے آنے کے بعد انٹی کرپشن حکام نے سابقہ ریکارڈ کیپر رانا شہباز کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ ریکارڈ روم بھی کئی روز تک بند رکھا گیا اور انٹی کرپشن سمیت دیگر ڈی سی او لاہور کی ہدایات پر بھی انکوائریاں کی گئیں اور مذکورہ ریکارڈ روم میں کوئی بھی اہلکار بطور ریکارڈ کیپر ڈیوٹی کرنے کو تیار نہ ہونے پر کرپشن اور ریکارڈ میں ہیر پھیر کرنے کے ماہر کاشف بٹ نامی اہلکار نے اثرروسوخ استعمال کرتے ہوئے بطور ریکارڈ کیپر اپنے آرڈر کروانے میں کامیابی حاصل کر لی، ذرائع کے مطابق ریکارڈ کیپر کاشف بٹ کے خلاف عزیز بھٹی ٹاؤن میں بھی تعیناتی کے دوران ریکارڈ میں ردوبدل کرنے پر سب رجسٹرار کینٹ نے کاروائی کرتے ہوئے اس کو وہاں سے تبدیل کروادیا تھا اور اس کے خلاف ڈی سی او لاہور کو رپورٹ بجھوائی تھی جبکہ ریکارڈ روم سے جاری نقول کی رقوم جمع کروانے کی بجائے خورد برد کرنے اور لینڈ مافیا سے ساز باز کرتے ہوئے ریکارڈ میں موجود قیمتی پراپرٹیز کی جعلی سیل ڈیڈ جلدوں میں لگانے پر سائل میاں سعید نے تھانہ لوئر مال میں مقدمہ نمبر813/10 بھی درج کروایا تھا ،جس میں مذکورہ اہلکار نے ضمانت کروالی تھی اور بعد ازاں اپنے خلاف جاری انکوائری کو بھی داخل کروالیا تھا ، ذرائع نے بتایا کہ داتا گنج بخش ٹاؤن ریکارڈ میں آنے والے سائلین کو نقول کی بروقت فراہمی کی بجائے ریکارڈ نہ ہونے کا بہانہ بناتے ہوئے انہیں ٹرخایا جاتا ہے اور رشوت دینے والوں کو فوری طور پر مصدقہ نقول جاری کر دی جاتی ہیں، ۔سائلین نے بھی ڈی سی او لاہور سے مطالبہ کیا ہے کہ ریکارڈ روم سے کرپت اہلکار کو فوری تبدیل کیا جائے ۔اس حوالے سے مذکورہ ریکارڈ کاشف بٹ نے کہا ہے کہ الزامات بے بنیاد ہیں ، میرٹ پر نقول جاری کرتا ہوں ، کس قسم کا کوئی الزام نہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1