پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کا سانگھڑ میں گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان

پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کا سانگھڑ میں گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان

کراچی(آن لائن)پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے سانگھڑ کے گمبٹ ساؤتھ بلاک میں گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔پی پی ایل گمبٹ ساؤتھ بلاک میں 65فیصد کاروباری حصہ داری کے ساتھ بحیثیت آپریٹر کام انجام دے رہی ہے جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ ) لمیٹڈ اور ایشیا ریسورسز آئل لمیٹڈ کے شیئرز بالترتیب 25 اور 10فیصد ہیں۔پی پی ایل کے مطابق سانگھڑمیں دریافتی کنوئیں کبیرX-1 سے گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت ہوئی ہے۔کبیرX-1 کی کھدائی کا آغاز24 اپریل2015 کو ہوا جسے 28 جون2015 کو4020 میٹرکی حتمی گہرائی تک پہنچایا گیا ۔وائر لائن لوگز کی بنیاد پر لوورگورو فارمیشن کی بیسل سینڈ میں ہائیڈروکاربن رکھنے والے کئی زونز کی نشاندہی کی گئی۔ 16/64انچ چوک سائز پرابتدائی جانچ کے دوران یومیہ 1.94MMscf گیس اور 253بیرل کنڈنسیٹ حاصل ہوئے ۔دریافت کی پیداواری صلاحیت کے تعین کے لئے کنوئیں کی جانچ کا عمل جاری ہے۔

مزید : کامرس