یمن ،عدن میں پولیٹیکل سیکیورٹی کے ہیڈ کواٹر میں بم دھماکا عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی

یمن ،عدن میں پولیٹیکل سیکیورٹی کے ہیڈ کواٹر میں بم دھماکا عمارت ملبے کا ڈھیر ...

عدن(اے این این)جنوبی یمن کے مرکزی شہر عدن میں پولیٹیکل سیکیورٹی کے ہیڈ کواٹر پر بم حملہ،عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی ، کئی علاقوں میں سعودی عرب اور تحادی فضائیہ کی بمباری اور زمین کارروائیاں جاری ہیں ۔غیرملکی میڈیا کے مطابق دھماکہ ہیڈکواٹر کی عمارت کے باہر نصب ریمورٹ کنٹرول بم سے کیا گیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی کمپلیکس زمین بوس ہو گیا۔ہفتے کے روز اتحادی طیاروں نے البیضا، مآرب، شمالی لحج میں کرش، مکیراس، عقبہ الثرہ میں بمباری کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مزاحمتی قوتوں نے زمینی کارروائی کرتے ہوئے اہم مقامات سے حوثی باغیوں کو نکال باہر کرنے کا دعوی کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اتحادی ممالک کے اپاچی جنگی ہیلی کاپٹر حوثیوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔ یمن کے ایک عسکری ذریعے نے بتایا کہ تہامہ صوبے میں باغیوں کی سرکوبی کے لیے تین بریگیڈ تشکیل دیے گئے ہیں۔اتحادی طیاروں نے المخا بندرگاہ میں بھی باغیوں کے مراکز کو نشانہ بنایا ہے جب کہ اِب شہر میں باغیوں اور آئینی حکومت کی حامی ملیشیا کے درمیان خونریز جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ تعز میں حوثی باغیوں نے شہری آبادی پرحملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد بچوں اور خواتین سمیت کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔صنعا کو باغیوں سے چھڑانے کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں جاری"سنہری تیر آپریشن" کے تحت الدیلمی فوجی اڈے پر حوثی باغیوں کے مراکز کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فوجی اڈے پر زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی اور آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے ہیں۔ صنعا کے آس پاس کے علاقوں میں بھی حوثیوں اور سابق صدر علی صالح کے وفاداروں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کییگئے۔

مزید : عالمی منظر