عراق: امریکی فضائی حملے میں داعش کا نائب سربراہ ہلاک

عراق: امریکی فضائی حملے میں داعش کا نائب سربراہ ہلاک

بغداد(آن لائن‘ اے پی پی) شمالی عراق میں امریکی فضائی حملے میں داعش کے نائب سربراہ فضل احمد الحیالی ہلاک ہوگیا۔ وائٹ ہاؤس حکام نے تصدیق کی ہے کہ شمالی عراق میں ہونے والے ایک امریکی فضائی حملے میں داعش رہنما ابوبکر البغدادی کا اہم ساتھی ہلاک ہوگیا۔ فضل احمد الحیالی کی ہلاکت سے داعش کے مالی معاملات اور میڈیا آپریشنز متاثر ہونگے۔ عراق اور شام میں امریکی فضائی حملوں میں داعش کے کئی رہنما ہلاک ہوچکے ہیں۔دریں اثناء عراق کے صوبہ الانبار میں داعش کے حملے میں 50عراقی فوجی ہلاک ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی کونسل کے صدر صباح الکرہوط نے بتایا کہ اسلامک اسٹیٹ یا داعش نے دو مختلف مقامات پر حملے کر کے کم از کم پچاس فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ حملے انبار صوبے کے صدر مقام رمادی کے مغرب میں گھات لگا کر کیے گئے ۔ دوسری جانب عراقی وزیر دفاع خالد العبیدی نے انبار صوبے کے ایک دورے کے دوران فوجی کمان کو انتہائی احتیاط کے ساتھ پیش قدمی کی ہدایت کی ہے۔ عراق کے سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ عراقی لڑاکا طیاروں نے صوبہ الانبار کے مختلف علاقوں، خاص طور سے صوبے کے صدر مقام الرمادی، میں داعش گروہ کے ٹھکانوں پر حملے کئے جن کے نتیجے میں داعش کے کم سے کم پچیس ارکان ہلاک اور دسیوں زخمی ہو گئے دریں اثناء داعش میں شامل تربیت یافتہ تین بچوں نے تین عراقی فوجیوں کو قتل کر دیا۔ داعش سے وابستہ میڈیا آفس نے بچوں کو دہشت گردانہ حملوں کی تربیت کے حوالے سے ایک ویڈیو فلم نشر کی ہے اس ویڈیو میں داعش سے وابستہ تین ازبک بچے تین عراقی فوجیوں کو گولی مارکر قتل کرتے دکھائے گئے ہیں ۔

مزید : عالمی منظر