سعودی عرب میں سینماﺅں پر کوئی پابندی نہیں: فہد التمیمی

سعودی عرب میں سینماﺅں پر کوئی پابندی نہیں: فہد التمیمی
سعودی عرب میں سینماﺅں پر کوئی پابندی نہیں: فہد التمیمی

  


ریاض (اے این این) سعودی عرب کی پروڈیوسرز وڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین فہد التمیمی نے کہا ہے کہ ملک میں سینماﺅں کے قیام پر کسی قسم کی پابندی یا ممانعت نہیں ہے،اگر کوئی سینما کھولنا چاہتا ہے تو اس کیلئے حکومت سے اجازت لینے میں زیادہ سے زیادہ 48 سے 72 گھنٹے ہی میں کام ہو جاتا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق فہد التمیمی نے کہا کہ ملک میں جن فلموں کی نمائش پرپابندی لگائی گئی اس کی وجہ نمائش کیلئے پیشگی اجازت حاصل نہ ہونا ہوسکتی ہے کیونکہ سعودی وزارت ثقافت اور سینما مالکان فلموں کی نمائش سے قبل کسی بھی فلم کی نمائش کے بارے میں صلاح مشورہ کرتے ہیں اور اس کے بعد اس فلم کی نمائش کی اجازت دی جاتی ہے۔ اگر وزارت ثقافت سے فلم کی نمائش کیلئے نمائش کی اجازت مانگے بغیر کوئی فلم پیش کی جائے گی تو حکومت ایسا نہیں کرنے دے گی۔

سعودی عرب میں سینماﺅں کی تعداد میں کمی کی وجہ بیان کرتے ہوئے فہد التمیمی نے کہا کہ اس کی بنیادی وجہ لوگوں میں سینما کے حوالے سے شعور کا نہ ہونا ہے۔ بہت سے لوگ سینما کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے۔ اس لیے اس شعبے میں پیسا لگانے سے گریز کرتے ہیں ورنہ ملک میں ایسا کوئی ادارہ یا اتھارٹی نہیں جو سینماﺅں کے قیام پر پابندی عائد کر رہا ہو۔

البتہ سینما کے قیام سے قبل اس کی رجسٹریشن لازمی ہوتی ہے جو تین سے چار دن میں حاصل ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت رواں ہجری سال کے اختتام تک کاروباری حضرات کو سینما کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کیلئے کوئی پروگرام وضع کریں گے اور اس تاثر کو زائل کیا جائے گا کہ سعودی عرب میں سینما کے قیام پر کسی قسم کی پابندی عائد ہے۔

مزید : بین الاقوامی