وزیر اعلیٰ پنجاب سکولوں میں خوفو ہراس ختم کروائیں،یونائیٹڈ ٹیچرزکونسل
لاہور(خبرنگار) وزیر اعلیٰ پنجاب سکولوں میں خوف و ہراس ختم کروائیں۔ یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل پنجاب کے مرکزی رہنماؤں اللہ بخش قیصر صدرپی ٹی یو، محمد اجمل شاد صدر ایس ای ایس، رشید بھٹی صدر ہیڈ ماسٹرز ، محمد اسلم گجر صدر ایس ای ایس، محمد اشفاق صدر یونائیٹڈ ایکس ایم سی ایل ٹیچرز، حافظ غلام محی الدین صدر پی ٹی یو، طارق محمود کنوینئیریو ٹی سی نے اپنے مشترکہ بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرکاری سکولوں کے سربراہان اور اساتذہ کو خوفزدہ کرنے کے حالات درست کروائیں۔خوف و ہراس کے ماحول میں تعلیمی عمل اور بچوں کی پڑھائی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ تعلیمی انتظامیہ سکولوں میں سہولیات بہم پہنچانے کے لیے فندز فراہم نہیں کر رہی۔ حکومت پنجاب قلیل مقدار میں فنڈز قسطوں میں فراہم کرتی ہے۔
جبکہ افسران سربراہان ادارہ کو تھریٹ کرتے ہوئے حکم شاہی چلاتے ہیں کہ مرمت و دیگر کام فی الفور چلائیں جائیں چاہے پیسے جیب سے خرچ کریں ۔ورنہ ان کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے گی اور انہیں شفٹ کردیا جائے گا۔ سربراہان سکولز کو طرح طرح کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جو قابل مزمت ہیں۔ فنڈز کی عدم فراہمی کی بناہ پر سکولوں کی تزئین و آرائش و مرمت کا کام کروانا سربراہان سکولز کے لیے نا ممکن ہے۔ بدقسمتی سے حکومت پنجاب فنڈز قسطوں میں جاری کر رہی ہے اور اس پر بھی پندرہ فیصد کٹوتی عائد کردی جاتی ہے۔ سیکیورٹی ادارے بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے بجائے سربراہان پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ تمام تر انتظامات خود سے کریں جبکہ آج تک کسی ادارے کو اسلحہ لائسنس جاری نہیں کیا گیا۔ ان حالات میں سربراہان اور اساتذہ میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔ اساتذہ رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب فی الفور نوٹس لیں اور صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کریں۔