تیل و گیس کی تلاش کیلئے کے پی او جی سی ایل اور امریکن کمپنی کے مابین معاہدہ

تیل و گیس کی تلاش کیلئے کے پی او جی سی ایل اور امریکن کمپنی کے مابین معاہدہ

اسلام آباد (اے پی پی) تیل و گیس کی تلاش کیلئے کے پی او جی سی ایل اور امریکن ہالیبرٹن کمپنی کے مابین بدھ کو مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت امریکن کمپنی صوبہ خیبرپختونخوا میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں میں کے پی او جی سی ایل کے ساتھ تعاون کرے گی۔ کے پی او جی سی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رضی الدین اور امریکن کمپنی کے سینئر نائب صدر احمد کناری نے معاہدے پر دستخط کئے۔ ہالیبرٹن کے سینئر نائب صدر مڈل ایسٹ و شمالی افریقہ احمد کناوی اور ڈائریکٹر نیبل احمد نے شرکت کی۔ سیکرٹری محمد نعیم نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ معاہدہ کے مطابق امریکن کمپنی اور کے پی او جی سی ایل مشترکہ تعاون سے تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیں گے تاکہ یہ منصوبے کم وقت اور کم لاگت میں پایہ تکمیل کو پہنچ سکیں۔ معاہدے میں مقامی نوجوان پروفیشنل کو جدید فنی آلات سے مستفید ہونے کی تربیت بھی دیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ او جی سی ایل کے چیف ایگزیکٹو رضی الدین کی سخت محنت اور کوششوں سے صوبہ میں گذشتہ چار سال کے دوران تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کی سرگرمیوں میں مثالی اضافہ ہوا ہے، اس سے ملکی معیشت کے استحکام اور عوام کی ترقی و خوشحالی دن بدن فروغ پا رہی ہے اور توانائی کے شعبہ میں ملک کو خود کفالت کی منزل پر گامزن کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ صوبائی وزیر توانائی و بجلی عاطف خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے پی او جی سی ایل اور صوبائی حکومت کو ریگولیٹری کلیئرنس فراہم کرے تاکہ یہ کمپنی اپنے اہداف کو تیز رفتاری سے مکمل کر سکے۔ ہالیبرٹن کمپنی کے سینئر نائب صدر احمد کناری نے اس موقع پر کہا کہ ان کی کمپنی تیل و گیس کے منصوبوں میں کے پی او جی سی ایل کے ساتھ ترقی کی نئی راہیں متعین کرنے میں بھرپور مدد کرے گی اور نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنے میں تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ کے پی او جی سی ایل کے چیف ایگزیکٹو رضی الدین نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کی سرگرمیوں میں اضافہ سے ملک کے تیل کے درآمد بل میں کئی ارب ڈالر کی بچت ہوئی ہے اور انشاء اﷲ آنے والے وقتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا مقامی اور غیر ملکی پٹرولیم کمپنی کیلئے سرمایہ کاری میں پرکشش حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

مزید : کامرس