بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ کی شرح نمو میں 5.6 فیصداضافہ ہوا ، سٹیٹ بینک

بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ کی شرح نمو میں 5.6 فیصداضافہ ہوا ، سٹیٹ بینک

اسلام آباد (اے پی پی) گزشتہ مالی سال 2016-17ء کے دوران بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ ( ایل ایس ایم) کی شرح نمو میں 5.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے لئے بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ کی شرح ترقی کے لئے قومی اقتصادی کونسل نے 4.93 فیصد کی پیش گوئی کی تھی جبکہ دوران سال ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح نمو میں اقتصادی جائزہ رپورٹ اور معاشی ماہرین کے اندازوں کے برعکس 0.67 فیصد کا اضافہ ہونے سے ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح نمو 5.6فیصد تک پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ایل ایس ایم کے شعبہ کا مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں حصہ 10.7 فیصد تک بڑھ گیا۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ توانائی اور امن وامان کی صورتحال میں بہتری سمیت بنیادی ڈھانچے کے شعبہ کی ترقی سے بڑے صنعتی اداروں کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس سے معاشی اہداف کے حصول کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید : کامرس