بھارت ،مسافر ٹرین اورڈمپر میں تصادم،80مسافرزخمی،متعدد کی حالت نازک
لکھنو(آن لائن)بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک مسافر ٹرین کی 10بوگیاں اور انجن پٹڑی سے اترنے کے باعث 80مسافر زخمی ہوگئے،جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ریاست میں گزشتہ چار روز کے دوران یہ ٹرین کا دوسرا بڑا حادثہ ہے۔بھارتی ریلوے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن انیل سیکسینا نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بدھ کی علی الصبح کفایت ایکسپریس اعظم گڑھ سے دہلی کیلئے روانہ ہوئی جو پٹہ اور اچالڈا ریلوے سٹیشن کے درمیان ایک ڈمپر سے ٹکرا گئی،جس کے نتیجے میں ٹرین کی 10بوگیاں اور انجن پٹڑی سے اتر گئے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثے میں کم از کم80مسافر زخمی ہوئے ہیں جن کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے،ان میں سے4مسافروں کی حالت تشویشناک تھی جنہیں اٹاوہ اور سیفائی کے ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیا ہے جبکہ ہسپتال ذرائع نے بھی 80مسافروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ریلوے ترجمان کا کہنا تھا کہ اکثر اوقات سینکڑوں گاڑیاں شارٹ کٹ کیلئے ریلوے ٹریک کا استعمال کرتی ہیں جس کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں۔حادثے کے بعد اترپردیش میں متعدد ٹرینوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی ہے۔