محکمہ صحت اچھا کام کرنے والے افسران کو انعام دیتا رہے گا،ساجد چوہان

محکمہ صحت اچھا کام کرنے والے افسران کو انعام دیتا رہے گا،ساجد چوہان

لاہور(جنرل رپورٹر)محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے شاندار کارکردگی اور محکمانہ خدمات کے اعتراف میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد چوہان نے ایک تقریب میں چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال ثمینہ یاسمین کو اعلیٰ کارکردگی کا ایوارڈ دیا اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق جزا اور سزا کے نظام پر عمل کیا جا رہا ہے اور اچھا کام کرنے والے افسران و اہلکاران کی خدمات کا عملی طور پر اعتراف کیا گیا ہے اور اعلیٰ کارکردگی کے یہ ایوارڈ اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ ایوارڈ ملنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سی این ایس سروسز ہسپتال ثمینہ یاسمین نے کہا کہ نرسز ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کے شانہ بشانہ دن رات کام کرتی ہیں اور یہی پیرا میڈیکل سٹاف زلزلے ،سیلاب یا کسی اور نا گہانی آفت میں بھی عوام کیلئے موجود ہوتا ہے ۔انہوں نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے صوبے کے ہسپتالوں کیلئے4753 مزید نرسز کی بھرتی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے ہزاروں خاندانوں کو روزگار ملنے کے علاوہ محکمہ صحت کا نظام بھی مضبوط ہو گا۔ ثمینہ یاسمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس ایوارڈ ملنے کے بعد بھی اپنی محنت میں مزید اضافہ کریں گی اور زیادہ لگن اور تن دہی کے ساتھ فرائض سر انجام دیں گی ، ایوارڈ تقسیم کرنے کی اس تقریب میں ڈائریکٹر جنرل نرسنگ کوثر پروین اور صوبائی دارالحکومت کے تمام ہسپتالوں کی نرسنگ سپرنٹنڈنٹس کے علاوہ نرسوں اور نرسنگ طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1