ڈپٹی میئرز نے زونوں کا چارج سنبھال لیا

ڈپٹی میئرز نے زونوں کا چارج سنبھال لیا

 لاہور(دیبا مرزا سے) صوبائی دارالحکومت کو لاہور کے مختلف 9زونز میں تقسیم کرکے اور ڈپٹی مئیرز کو ان کے انچارج بنانے کے بعد ہر زون کے ڈپٹی مئیرز کے ساتھ ان کی متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمینوں نے رابطے شروع کردئیے ہیں جبکہ ان ڈپٹی مئیرز اور ان کے متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمینوں نے عید کی آمد کے پیش نظر اپنے اپنے زونوں میں لگنے والی مویشی منڈیوں میں سہولیات کا جائزہ لینا بھی شروع کرنے کے علاوہ عید کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور فضلے کو بروقت ٹھکانے لگانے اور عید کے تینوں دنوں کے موقع پر صفائی ستھرائی کے نظام کو بہترین بنانے کے حوالے سے بھی ان ڈپٹی مئیرز نے متعلقہ محکمے ایس ڈبلیوایم اور البراک کے ساتھ میٹنگوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ عید کے موقع پر ڈپٹی مئیرز اپنی اپنی یونین کونسلوں کے منتخب چئیرمینوں کو قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کوٹھکانے کیلئے البیراک کی جانب سے تیار کئے گئے خصوصی شاپنگ بیگز دیں گے، ہر یونین کونسل میں البیراک کی جانب سے کیمپ بھی لگائیں جائیں گے جہاں پر شہری ان شاپنگ بیگز میں قربانی کی آلائشوں کو ڈال کر یہاں پر چھوڑ کر جائیں گے اور عوام کی سہولت کے لئے صفائی کا یہ عملہ موبائل گاڑیوں پر چکر بھی لگاتا رہے گا۔تفصیلات کے مطابق ضلعی حکومت کی جانب سے لاہور کے 9مختلف پرانے ٹاؤنوں کا نام تبدیل کرکے انہیں زونز میں تبدیل کرنے کے بعد جہاں پر ایک لمبے عرصے سے ڈپٹی مئیرز کے رکے ہوئے دفاترز ان کو آلاٹ ہو گئے ہیں تو وہی پر ہی ان زونز میں آنے والی مختلف یونین کونسلوں کے چئیرمینوں کے اندر بھی خوشی کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ تقریبا ڈیڑھ سال بلدیاتی نظام کو ہونے کو ہے لیکن ڈپٹی مئیرز کو ان کے ٹاؤن تقسیم نہ ہونے کی وجہ سے متعلقہ چیئرمینوں اور متعلقہ ٹاؤن کے عملہ میں بھی تشویش کی لہر پائی جاررہی تھی اور ان کی ذمے داریوں کا بھی تعین نہیں ہو پارہا تھا کہ وہ اس نئے نظام کے بعد کس کے ماتحت کام کریں گے لیکن اب حکومت نے یہ گھتی بھی سلجھا دی ہے اور معمولی ردوبدل کرکے نئے نظام کے تحت ٹاؤنوں کو زونز میں تبدیل کردیا ہے اور ان ڈپٹی مئیرز نے اپنے اپنے زون کے دفاترز کے چارج بھی لے لئے ہیں۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان زونز کے ڈپٹی مئیرز چودھری وسیم قادر‘ رانا اعجاز حفیظ‘ میاں طارق‘ بلال چودھری‘ اللہ رکھا‘ نذیر خان سواتی‘ مشتاق مغل اور راؤ شہباب الدین نے کہا کہ ہماری قیادت نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور اپنے اپنے زونز کو ایک مثالی زون بنائیں گے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1