نوازشریف کا ایوان اقبال میں وکلاء سے خطاب کامیاب بنانے کیلئے کمیٹیاں تشکیل
لاہور(نامہ نگار)مسلم لیگ(ن) کے قائد وسابق وزیراعظم نوازشریف کے 25اگست کوایوان اقبال میں وکلاء سے خطاب کو کامیاب کرنے کیلئے مسلم لیگ(ن) لائرز فورم کی جانب سے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، 2ہزارکے قریب وکلاء کودعوت نامے بھی ارسال ،تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) لائرزفورم کی دعوت پرسابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کا25 اگست کو ایوان اقبال میں 2بجے وکلاء سے خطاب کی تقریب کا اہتمام کیاگیا ہے۔مسلم لیگ (ن )لائرزفورم پاکستان کے صدرنصیراحمد بھٹہ نے تقریب کے انتظامات کیلئے مسلم لیگ (ن) لائر ز فورم لاہورڈویژن کے صدرسید ظفرعلی گیلانی سمیت دیگر لیگی وکلاء رہنماوں کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں ، سید ظفرعباس گیلانی ایڈوکیٹ کے زیرصدارت گزشتہ روزلیگی وکلاء کا اجلاس منعقدہواجس میں تقریب کو کامیاب کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ،اجلاس میں بتایاگیا کہ پاکستان بارکونسل ، پنجاب بارکونسل ، ضلعی بارز ایسوسی ایشن کے عہدیدارروں سمیت تقریباً2ہزاروکلاء کو تقریب میں شرکت کیلئے دعوت نامے بھجوا دئیے گئے ہیں ، دوسری جانب ایس پی سکیورٹی عبادت نثار نے بھی مسلم لیگ (ن) لائرز فورم لاہورڈویژن کے صدرسید ظفرعباس گیلانی سے ملاقات کی اورایوان اقبال میں نواز شریف کی تقریب میں شرکت کرنے والے وکلاء اوران کی گاڑیوں کی سکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔