سکولوں کی مانیٹرنگ کوشفاف بنانے کیلئے اے ای اوز کو ٹیبلٹ دینے کا فیصلہ
لاہور(حافظ عمران انور)صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیارکوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور مانیٹرنگ سسٹم کو شفاف بنانے کیلئے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز(اے ای اوز)کوجدید ٹیبلٹ دینے کا فیصلہ، پہلے مرحلے میں ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، ملتان، وہاڑی، لودھراں، خانیوال، چکوال، جہلم، اٹک،بھکر اور میانوالی سمیت صوبہ کے11اضلاع میں مستقل بنیادوں پر تعینات اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز(اے ای اوز)کو ٹیبلٹ فراہم کئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب کے ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب کے اصلاحاتی پروگرام برائے تعلیم اور میلینئم ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت مانیٹرنگ سسٹم کو انتہائی شفاف بنانے اور کوالٹی ایجوکیشن کو بہتر بنانے کیلئے ٹیبلٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق صوبہ بھر کے انتظامی عہدوں پر تعینات تمام تعلیمی افسران کوفراہم کےئے جانیوالے ٹیبلٹ فون میں جدید سافٹ وئیر انسٹال ہوگا،جواساتذہ کی غیر حاضری،ادارے میں طلبہ کی صحیح تعداد،مسجد،کھیل کا گراؤنڈ،چاردیواری ، فرنیچر،ٹوائیلٹ کی موجودگی سمیت تمام ایشوز کے بارے میں فوری طور پر سیکرٹری سکولزایجوکیشن پنجاب سمیت دیگراعلیٰ حکام کو آگاہ کرنے کے پابند ہونگے۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے بتایا کہ تعلیمی اصلاحات میں انقلابی بنیادوں پر تبدیلوں کا آغاز کردیا گیا ہے ،جس کیلئے پہلے مرحلے میں 11اضلاع میں انتظامی عہدوں پر تعینات ریگولر اے ای اوزکو 1800ٹیبلٹ دےئے جائیں گے۔مذکورہ اضلاع کے سی ای اوز کو فوری طورپر پروگرام مینجمنٹ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ رابطہ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔