جب تک معاملات طے نہیں پا جاتے احتجاج جاری رہیگا، ذوالفقار علی

جب تک معاملات طے نہیں پا جاتے احتجاج جاری رہیگا، ذوالفقار علی

لاہور(نامہ نگارخصوصی)چودھری ذوالفقار علی صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی زیر صدارت لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، پنجاب بار کونسل اور لاہور بار ایسوسی ایشن کا مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ جب تک ملتان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور ہائی کورٹ کے مابین معاملات طے نہیں پا جاتے احتجاج جاری رہے گا،ہر جمعرات کو وکلاء بطور احتجاج بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور بار رومز پر سیاہ پرچم لہرائیں گے۔ وکلاء راہنماؤں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں آل پاکستان نمائندہ وکلاء کنونشن منعقد کرنے کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم21اگست کولاہور ہائی کورٹ میں وکلاء پر پولیس کے مبینہ تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں، 21اگست کو پرامن احتجاج کرنے والے درجنوں وکلاء زخمی ہوئے۔ آمریت کے دور میں بھی ایسی غیر قانونی اور غیر اخلاقی حرکت نہیں کی گئی جیسے کہ موجودہ جمہوری دور میں کی گئی ہے ۔لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ کے اندر کنٹینرز لگا کر عدالتوں تک سائلین کی رسائی نا ممکن بنا دی گئی۔ انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کی مذکورہ حرکت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مزید : صفحہ آخر