حکومتی پالیسیوں سے جنوبی پنجاب اندھیروں میں ڈوب رہا ہے ، پرویزالٰہی

حکومتی پالیسیوں سے جنوبی پنجاب اندھیروں میں ڈوب رہا ہے ، پرویزالٰہی

لاہور(این این آئی) مسلم لیگ(ق) کے سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب ہمارے دور میں باقی پنجاب کے برابر ترقی کر رہا تھا، ہم نے جنوبی پنجاب میں پانچ سال میں پچپن سال جتنے کام کیے اور ہمارے یہ کام آج بھی بولتے ہیں۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر جنوبی پنجاب سے آئے ہوئے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں جنوبی پنجاب میں میٹرک تک تعلیم اور کتابیں مفت کر دی تھیں، غریب بچیوں کیلئے ماہانہ تعلیمی وظائف مقررکیے جن کی وجہ سے پندرہ لاکھ بچیاں پہلی بار سکول داخل ہوئیں، ڈیڑھ ارب کی لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیالوجی ہسپتال قائم کیا جس میں بچوں کے امراض قلب کا بندوبست بھی موجود ہے، نشتر ہسپتال میں 112 بستروں پر مشتمل تین منزلہ ایمرجنسی بلاک تعمیر کیا، جدید برن یونٹ، ڈینٹل یونٹ اور نرسنگ کالج تعمیر کیے، پہلا چلڈرن ہسپتال اور شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یار خان شروع کیے، 1122 ایمرجنسی سروس قائم کی جس سے جنوبی پنجاب کے اب تک 2 لاکھ افراد کو ناگہانی حادثات میں مدد فراہم کی جا چکی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے دور میں جنوبی پنجاب کے کسانوں کو بجلی آدھی قیمت پر مہیاکی جا رہی تھی، کھالے پختہ کیے، پانی ٹیل تک پہنچ رہا تھا، فارم ٹو مارکیٹ ہزاروں کلومیٹر سڑکیں بنیں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹ لگائے، امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے جگہ جگہ پٹرولنگ پوسٹیں قائم کی گئیں ،انہوں نے کہا کہ اگرجنوبی پنجاب میں ہمارے شروع کیے ہوئے ترقیاتی کاموں کو ہماری حکومت کے بعد بھی چلنے دیا جاتا تو آج جنوبی پنجاب باقی پنجاب کے برابر کھڑا ہوتا ۔

مزید : صفحہ آخر