لاہور سے نارنگ تک نئی ائیر کنڈیشنڈ سی این جی بس سروس کا افتتاح

لاہور سے نارنگ تک نئی ائیر کنڈیشنڈ سی این جی بس سروس کا افتتاح

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے سب اربن بس روٹ پرلاہور سے نارنگ تک نئی ائیر کنڈیشنڈ سی این جی بس سروس کا افتتاح کر دیا ۔ ایل ٹی سی کا B-30روٹ ریلوئے اسٹیشن سے نارنگ براستہ دو موریہ، شیرانوالہ گیٹ ، آزادی چوک، شاہدرہ موڑ، کالا خطائی روڈ، کرول ،بالکے، فتح ریحان، جمال پور،صداں والی، ر تہ گجرا، ناروال چوک، نارنگ اڈہ سے ہوتا ہوا 35بس سٹاپس پر مشتمل اس روٹ پر مسافروں کو معیاری اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا ہوں گی۔ ابتدائی طور پر اس سب اربن بس روٹ پرتین ائیر کنڈیشنڈ بسیں ترکش پرائیویٹ ٹرانسپورٹ آپریٹر پلیٹ فارم کے تعاون سے چلائی جائیں گی، بعد میں مسافروں کی تعدا د کو مدنظر رکھتے ہوئے اس روٹ پر مزید بسوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ ایل ٹی سی کے آپریشنز ڈیپارٹمنٹ نے اس روٹ کا کم از کم کرایہ 18روپے رکھا ہے جبکہ زیا دہ سے زیادہ کرایہ 75روپے وصول کیا جائے گا۔ اس روٹ کا افتتاح وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کیا جبکہ اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری حسان ریاض ، چیف ایگزیکٹو آفیسر خواجہ حیدر لطیف ، سی ایف او مریم خاور، سی او او ظفر قریشی، ترکش سینئیر منیجر آپریشز احمت برجان، ڈی جی ایم انفورسمنٹ شفیق احمد، منیجر آپریشنز شاہد چیمہ اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

مزید : صفحہ آخر