دہشگردی کیخلاف قربانیاں قابل تحسین ، پاکستان کو مضبوط و مستحکم ملک دیکھنا چاہتے ہیں ، سعودی عرب

دہشگردی کیخلاف قربانیاں قابل تحسین ، پاکستان کو مضبوط و مستحکم ملک دیکھنا ...

اسلام آباد، جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قر با نیا ں قابل تحسین ہیں جبکہ سعودی عرب پاکستان کو ایک مضبوط اورمستحکم ملک دیکھنا چاہتا ہے۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ملاقات میں علاقائی اورعالمی امور سمیت دوطرفہ اورامہ کودرپیش معاملات پر بات چیت گئی اور خطے میں امن وسلامتی اورترقی سے متعلق مذاکراتی عمل اورتعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے، پاکستان سعودی عرب اور اسکی قیادت کیساتھ جاری تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا اور سعودی عرب کی سلامتی کیلئے تمام کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے،خطے میں استحکام کیلئے جانی ومالی قربانی دی جبکہ سعودی عرب کی قیادت کا 2030 کی ترقی کا ویژن قابل تحسین ہے، جبکہ سعودی ولی عہد کا کہنا تھا پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف قربانیاں قابل تحسین ہیں جبکہ سعودی عرب پاکستان کوایک مضبوط اورمستحکم ملک دیکھنا چاہتا ہے، امید ہے پاکستان جلد تمام چیلنجز پرقابو پاکر ترقی وخوشحالی کا سفرجاری رکھے گا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سعودی عرب کے پہلے سرکاری دورے پر جدہ پہنچے جہاں ان کا ڈپٹی گورنر مکہ عبداللہ بن بندر نے استقبال کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد روضہ رسول ؐ پر حاضری بھی دی ،اس موقع پر انہوں نے نوافل اداکئے، ملکی سلامتی خوشحالی اور مسلم امہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعاء کی او ر بعد ازاں وزیر اعظم وطن واپس روانہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ شاہد خاقان عباسی ترکی اور روس کے بھی دورے کرینگے جبکہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ چین کے دورے پر ہیں ۔

سعودی عرب

اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ایک سال کے واقعات اس بات کی ناقابل تردید شہادتیں ہیں کہ کشمیر کی تحریک آزادی سو فیصد مقامی اور غیر مسلح ہے جسے ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے جب تک دنیا انصاف اور حقِ خود ارادیت جیسے تسلیم شدہ حق کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی اخلاقی ذمہ داریوں سے روگردانی کرتی رہے گی جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمند ہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ’یوم نیلا بٹ‘کے موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ریاست اور عوام اس بارے میں یک زبان ہیں کہ اہل کشمیر کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت ہمارے خون میں ہے اور ’یومِ نیلا بٹ‘ کے موقع پر پاکستانی قوم کے اس غیر متزلزل عزم کی تجدید کرتے ہوئے اہلِ کشمیر کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ سردارعبدالقیوم خان جیسی شخصیات نے آزادی کی جو مشعل روشن کی تھی اس کی روشنی پورے برصغیر میں پھیل چکی ہے اور یہ روشنی انشاء اللہ کشمیر کی صبح آزادی کی نوید ثابت ہو گی۔

مزید : صفحہ اول