دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے لازوال قربانیوں کے ذریعے بہادری کی نئی تاریخ رقم کردی ، شہباز شریف

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے لازوال قربانیوں کے ذریعے بہادری کی نئی ...

 لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے فرانس کی سفیر مارٹین ڈورانس نے الوداعی ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ نے پاکستان اورفرانس کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے گرانقدر خدمات پر فرانسیسی سفیرکوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فرانس تعلقات کے فروغ کیلئے آپ کی خدمات قابل ستائش ہیں اور آپ نے دو طرفہ معاشی تعاون بڑھانے کیلئے انتھک محنت کی ہے اور مستقبل میں بھی میری نیک تمنائیں آپ کیساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کر قوم کے اربوں روپے کے وسائل بچانے کی نئی مثال قائم کی ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور رفتار کے نئے باب رقم کئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ دنیا آج پاکستان میں شفافیت کا برملا اعتراف کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت کے اتفاق رائے سے کئے گئے فیصلوں کے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں ملی ہیں۔ پاکستان میں دہشت گردی وانتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔ دہشت گرد انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اور دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم کر چکی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک ہزاروں قیمتی جانوں کا نذرانہ دے چکا ہے جن میں پاک افواج ، پولیس کے افسر و جوان، عام شہری اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پاکستان نے لازوال قربانیوں کے ذریعے جرأت اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیوں کا ثمر انہی قربانیوں سے ممکن ہوا ہے اور آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور پرامن بن چکا ہے۔فرانسیسی سفیر نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کے حوالے سے بے مثال اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انفراسٹرکچر ، تعلیم ، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں اصلاحات کے باعث صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوا ہے اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبے برق رفتاری سے مکمل ہو رہے ہیں۔

شہباز شریف

لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی و خوشحالی کی منزل کا حصول ہمارا ایجنڈا ہے۔ محروم معیشت طبقات کو ترقی کی دوڑ میں شامل کئے بغیر خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ حکومت پنجاب صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ کم ترقی یافتہ علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ صحت، تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔ وہ مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے فرسودہ نظام کو دفن کرکے ہر شعبہ میں میرٹ کو فروغ دیا ہے اور میرٹ کے فروغ سے حقدار کو اس کا حق ملا ہے۔ شہباز شریف کی ہدایت پر ڈینگی کے مریضوں کے علاج اور وباء پر قابو پانے کے لئے پشاور جانے والی محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کی میڈیکل ٹیم نے گزشتہ روز تک 2062مریضوں کا علاج معالجہ کیا اور 595افرادکے ڈینگی ٹیسٹ کئے جس میں سے 175افراد میں ڈینگی کے مرض کی تصدیق ہوئی۔ محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب سے جانے والے تین میڈیکل ہیلتھ یونٹ میں سے ایک سفید ڈھیری، دوسرا تہکال بالا اور تیسرا بشتہ خرا کے مقام پر تعینات ہے اور مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی ریسکیوسروس 1122کی چھ ایمبولینسسز سروسز تربیت یافتہ عملے کے ہمراہ موجود ہیں ۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول پنجاب ڈاکٹر فرخ سلطان ٹیم میں شامل پانچ انٹامالوجسٹ اورچھ اسسٹنٹ انٹامالوجسٹ نے مقامی اہلکاروں کو ڈینگی سرویلنس اور ڈینگی لاروا کی شناخت کے حوالے سے کپیسٹی بلڈنگ کردی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی میڈیکل ٹیم میں ڈاکٹرز، انٹامالوجسٹ اور پیرامیڈیکس کی کل تعداد80سے زائد ہے جو پیشہ ورانہ لگن اور جانفشانی کے ساتھ پشاورمیں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیرسگالی اور انسانی ہمدردی کے تحت آنے والی میڈیکل ٹیموں کی وجہ سے دونوں صوبوں کے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر پشتو بولنے والے بھائی بہنوں کی ڈینگی کے بارے رہنمائی اور آگاہی کے لئے ہیلپ لائن0800-99000شروع کی گئی ہے جہاں کال کرنے پر ڈاکٹر پشتو میں ڈینگی کے بارے میں احتیاطی تدابیر اور علامات کے بارے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول