ٹرمپ چاہتے ہیں پاکستان امریکی افواج کا قبرستان بن جائے تو ہم تیارہیں،رضا ربانی
اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ڈونلڈٹرمپ چاہتے ہیں کہ پاکستان امریکی افواج کا قبرستان بن جائے تو ہم امریکہ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ وزیر خارجہ کو دورہ امریکہ ملتوی کردینا چاہئے نہ جانے سے اچھا پیغام جائے گا۔ بدھ کو سینیٹ اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پالیسی بیان پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم میں ویت نام اور کمبوڈیا والی خصوصیات اورروایات پائی جاتی ہیں اگر امریکہ کے صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ پاکستان امریکی افواج کا قبرستان بن جائے تو ہم امریکہ کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میری رائے ہے کہ وزیر خارجہ کو ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے تناظر میں دورہ امریکہ ملتوی کردینا چاہئے ، جانے کی بجائے وہاں نہ جانے سے اچھا پیغام جائیگا۔اراکین سینیٹ نے چیئرمین سینٹ رضاربانی کی تجاویز کا ڈیکس بجاکر خیر مقدم کیا۔ علاوہ ازیں سینیٹ کی نئی لائبریری کی گزشتہ روز افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ جب تک پارلیمینٹ بحیثیت ادارہ مضبوط نہیں ہوگی ریاست کمزور رہے گی، سینیٹ میں آئندہ رہوں یا نہ رہوں آئین کے تحت ایوان بالا کو جومقام حاصل ہے اس کیلئے جدوجہد کرتا رہوں گا۔ میاں رضا ربانی نے کہاکہ لائبریری کی توسیع میں سینیٹر مشاہد حسین سید ، سینیٹر نزہت صادق ، سینیٹر کریم احمد واجہ، ثمینہ سعید وغیرہ پر مشتمل لائبریری کمیٹی نے اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ لائبریری کے توسیعی منصوبہ کے لئے یو این ڈی پی، یو کے ایڈ، نسٹ یونیورسٹی کے طلباء و اساتذہ اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے عملہ کا کردار خاص طورپر قابل تعریف ہے۔